پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد قمر کی غزلیں — Shahzad Qamar Ghazals

شہزاد قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ ان آنکھوں سے کیا جل تھل کر رکھا ہے (غزل)

دیکھ ان آنکھوں سے کیا جل تھل کر رکھا ہے

غم سی آگ کو ہم نے بادل کر رکھا ہے

جس نے راہ کے پیڑوں کی سب شاخیں کاٹیں

سب نے اسی کے سر پر آنچل کر رکھا ہے

کوئی پہاڑ ہے اپنی ذات کے اندر جس نے

خود ہم سے بھی ہم کو اوجھل کر رکھا ہے

پتھر لے کر سارا شہر ہے اس کے پیچھے

اک پاگل نے سب کو پاگل کر رکھا ہے

اس نے خالی دشت بسانے کی کوشش میں

بھرے پرے شہروں کو جنگل کر رکھا ہے

تیری ہستی ایک فرات سہی پر تو نے

میرے تو آنگن کو کربل کر رکھا ہے

تیرے جلال کے منکر تو چند ایک ہیں لیکن

تیرے عذاب نے سب کو بے کل کر رکھا ہے

اب شہزادؔ زمانے سے کیا لینا دینا

ہم نے باب درد مکمل کر رکھا ہے

زندگی کو ہم وفا تک وہ جفا تک لے گئے (غزل)

زندگی کو ہم وفا تک وہ جفا تک لے گئے

اپنے اپنے فن کو دونوں انتہا تک لے گئے

لغزشوں میں کیا معافی کی توقع ہو کہ جب

بے گناہی کو بھی میری وہ سزا تک لے گئے

ساحلوں پر اور بھی خوش ذوق تھے لیکن مجھے

پانیوں کے رنگ ہر موج بلا تک لے گئے

جی رہی ہے اب تو بستی ایک سناٹے کے ساتھ

جبر کے موسم فقیروں کی صدا تک لے گئے

اک زبوں حالی تو تھی پر تم مری تاریخ کو

چند ہی برسوں میں دور ابتلا تک لے گئے

آسماں کی دشمنی اتنی بھی یک طرفہ نہیں

ہم بھی دھرتی کی بلاؤں کو خلا تک لے گئے

ہم نے خود اپنی دعاؤں کو کیا ہے بے اثر

ہم جو چھوٹی چھوٹی باتیں بھی خدا تک لے گئے

کھو چکے تھے وقت کی پہچان بھی شہزادؔ ہم

اجنبی لمحے مگر اک آشنا تک لے گئے

مزید غزلیں از شہزاد قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں