پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد مغل عجمی کی غزلیں — Shahzad Mughal Ajmi Ghazals

شہزاد مغل عجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہو کے دنیا سے پریشان کہاں جاتا ہے (غزل)

ہو کے دنیا سے پریشان کہاں جاتا ہے

کام ہوں گے ترے آسان کہاں جاتا ہے

جب کبھی ہوتا تھا غمگین تو ماں کہتی تھی

آ مرے پاس مری جان کہاں جاتا ہے

تیرے ہی در پہ اسے ملتی ہے راحت مولا

اور ہارا ہوا انسان کہاں جاتا ہے

دھیان مرکوز کروں گا میں تری آنکھوں پر

پھر یہ دیکھوں گا ترا دھیان کہاں جاتا ہے

روز سینے میں دھڑکتا ہے جو دھڑکن بن کر

جانے وہ نیند کے دوران کہاں جاتا ہے

میرے کمرے سے چراتی تھی وہ چیزیں اور میں

ڈھونڈھتا تھا مرا سامان کہاں جاتا ہے

جب کوئی دیکھنے والا نہیں ہوتا تجھ کو

اے مسلماں ترا ایمان کہاں جاتا ہے

بے نمازی جہاں شہزادؔ ہوں سب گھر والے

ان گھروں سے بھلا شیطان کہاں جاتا ہے

پاس منصف کے اگر سچے حوالے جاتے (غزل)

پاس منصف کے اگر سچے حوالے جاتے

کیسے ممکن تھا کہ زندان میں ڈالے جاتے

دل میں آتا ہے کہ ماں کاش تو زندہ ہوتی

تیرے ہاتھوں سے مرے منہ میں نوالے جاتے

در بدر ایسے نہیں ہوتے تری فرقت میں

ہم تری بانہوں میں ہوتے تو سنبھالے جاتے

شمع الفت جو ترے دل میں فروزاں ہوتی

تو بہت دور تلک تیرے اجالے جاتے

ہجر کا ناگ ہی کافی ہے مجھے ڈسنے کو

نت نئے مجھ سے سپنولے نہیں پالے جاتے

تجھ سے گر پیار نہ ہوتا تو مرے پردہ نشیں

جستجو میں نہ تری دشت کھنگالے جاتے

خوبیوں ہی کے سبب تم نے اگر ساتھ دیا

پھر تو بہتر تھا مرے عیب اچھالے جاتے

ہم بھی شہزادؔ تھے مجنوں کے مقلد ورنہ

کس لئے ہم ترے کوچے سے نکالے جاتے

مزید غزلیں از شہزاد مغل عجمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں