پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد حسین سائل کی غزلیں — Shahzad Husain Saail Ghazals

شہزاد حسین سائل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھوڑ کر وہ ہم کو تنہا کس جہاں میں جا بسا (غزل)

چھوڑ کر وہ ہم کو تنہا کس جہاں میں جا بسا

لاکھ اس کو ملنا چاہا پر رہا وہ نارسا

سچ ہی کہتا تھا ہمیں وہ چھوڑ جب میں جاؤں گا

مجھ کو ڈھونڈا تم کرو گے ہر گلی میں جا بہ جا

تب ہمیں دکھلاوا لگتا تھا وہ ماتھا چومنا

آج جس کے واسطے ہے دل میں میرے اشتہا

چھوڑ کر جب وہ گیا تب سارے دشمن ہو گئے

پھر ہمیں رسوا کیا تھا مل کے سب نے ناروا

تیرے ہوتے تو نہ ہمت تھی کسی کی کچھ کہے

بعد تیرے سب کے لہجے ہو گئے تھے ناروا

کس طرح ٹوٹی قیامت ہم سے مت یہ پوچھنا

اب نہیں ہے صبر باقی درد کی ہے انتہا

اے خدا شکوہ نہیں سائلؔ کو تیری ذات سے

ماں مری کو بخش دے تو تجھ سے ہے بس یہ دعا

جو کچھ بھی میرے پاس تھی دولت نگل گئی (غزل)

جو کچھ بھی میرے پاس تھی دولت نگل گئی

میری انا کو تیری محبت نگل گئی

تصویر کہہ رہی تھی مصور کی داستاں

منظر کشی کو آنکھ کی حیرت نگل گئی

حصے میں میرے آئی ہمیشہ شب فراق

ہر لمحۂ نشاط کو ظلمت نگل گئی

میں نے جلائی آگ عدو کے لیے مگر

میرا وجود آگ کی حدت نگل گئی

میں بد نہیں ہوں بس یونہی بدنام ہو گیا

کردار میرا جہل کی تہمت نگل گئی

کل آئنے میں خود کو میں بے شکل کیوں لگا

کیا گردش جہاں مری صورت نگل گئی

ایمان اپنے ہاتھوں میں محفوظ تھا کہاں

جو بچ گیا تھا اس کو بھی بدعت نگل گئی

غربت نے میرے شہر کا نقشہ بدل دیا

غیرت کو زندہ رہنے کی چاہت نگل گئی

اب فن شاعری میں تغزل کہاں بچا

یعنی غزل کے حسن کو جدت نگل گئی

مزید غزلیں از شہزاد حسین سائل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں