شہزاد فیض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بتاؤں وہ کیسے ملتے ہیں (غزل)
کیا بتاؤں وہ کیسے ملتے ہیں
جیسے مفلس کو پیسے ملتے ہیں
جس طرح سے مجھے ملے ہیں آپ
آنے والوں سے ایسے ملتے ہیں
شہر میں ایسے کون ملتا ہے
لوگ گاؤں میں جیسے ملتے ہیں
کوئی جھگڑا نہیں ہمارے بیچ
جیسے ملتے تھے ویسے ملتے ہیں
ان سے مل کر سبق ملا مجھ کو
فیضؔ جیسے کو تیسے ملتے ہیں
تو نے ایسا بھی کیا کیا مجھ پر (غزل)
تو نے ایسا بھی کیا کیا مجھ پر
بے اثر ہو گئی دوا مجھ پر
رونا لازم نہیں مرے ہم دم
مسکرا قہقہہ لگا مجھ پر
خاک میں اڑ گیا مرا خاکہ
اس طرح آسماں گرا مجھ پر
تم گھڑی بھر کو رک نہیں جاتے
رحم کرتے نہیں ذرا مجھ پر
مجھ کو جڑ سے اکھاڑنے والے
پنچھی کرتے تھے آسرا مجھ پر
میری مٹی بھی فیضؔ سونا ہے
مہرباں ہو اگر خدا مجھ پر
مزید غزلیں از شہزاد فیض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں