پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہریار پرواز کی غزلیں — Shahryar Parwaz Ghazals

شہریار پرواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا کہیں کیا شعار ہے اپنا (غزل)

کیا کہیں کیا شعار ہے اپنا

عاشقی روزگار ہے اپنا

مفت میں دل فروخت کرتے ہیں

بس یہی کاروبار ہے اپنا

اس سے یوں دل کی بات کہتے ہیں

جیسے وہ غم گسار ہے اپنا

ان کی محفل میں چل دل وحشی

کچھ ابھی اعتبار ہے اپنا

خود نمائی نے آئنے سے کہا

خود بھی اب وہ شکار ہے اپنا

کشتۂ انتظار ہم ہی نہیں

ان کو بھی انتظار ہے اپنا

دل میں یادوں کے دیپ روشن ہیں

کیا چراغاں دیار ہے اپنا

ہم ہیں وہ کاروان تیز قدم

کہ زمانہ غبار ہے اپنا

کچھ نہ ہو حاصل جنوں پروازؔ

دامن تار تار ہے اپنا

پھر اک جنوں کے لیے چل پڑے ہیں دیوانے (غزل)

پھر اک جنوں کے لیے چل پڑے ہیں دیوانے

کدھر ہے منزل مقصود یہ خدا جانے

بہار آئے گی کب اور کب یہ دیوانے

اسی خیال میں جھوما کیے ہیں ویرانے

قیود دیر و حرم سے ہوئے جو بیگانے

نئے خدا و صنم ڈھال لیں گے دیوانے

حیات و مرگ ہیں جذب و جنوں کے افسانے

عدم کو پھاند نہ جائیں تمھارے دیوانے

تم اور جفا کے ارادے نہیں نہیں توبہ

جفا کے وہم مجھے آ گئے تھے بہکانے

سحر تو سادہ و بے رنگ کی حقیقت ہے

اندھیری رات کے دل میں تھے لاکھ افسانے

وہ التفات فراواں وہ نشۂ پیماں

تری نگاہ خفی کاش ہم کو پہچانے

مئے دو شینا کی گرمی ہنوز باقی ہے

ہیں چور چور کھنکتے ہیں پھر بھی پیمانے

جنوں پہ فاش ہے سر حیات اے پروازؔ

غریب عقل بھلا زندگی کو کیا جانے

مزید غزلیں از شہریار پرواز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں