شاہ رخ ساحل تلسی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھوٹے عشق کا جذبہ دیر تک نہیں رہتا (غزل)
جھوٹے عشق کا جذبہ دیر تک نہیں رہتا
ریت پر بنا نقشہ دیر تک نہیں رہتا
سچ تو یہ ہے اکثر وہ مجھ سے روٹھ جاتا ہے
لیکن اس کا یہ غصہ دیر تک نہیں رہتا
یہ خدا کی قدرت ہے بعد پیدا ہونے کے
ماں کے دودھ بن بچہ دیر تک نہیں رہتا
جتنی جلد ممکن ہو دیکھنے چلے آؤ
میرے گاؤں کا میلہ دیر تک نہیں رہتا
جھوٹی شان و شوکت پر مت غرور کر ناداں
دولتوں کا یہ نشہ دیر تک نہیں رہتا
راہ عشق میں وہ جو ابتدا میں ہوتا ہے
عاشقی کا وہ نشہ دیر تک نہیں رہتا
سچ کہو ہمیشہ تم کیونکہ شاہ رخ ساحلؔ
جھوٹ پر ٹکا رشتہ دیر تک نہیں رہتا
وہ زلفیں جس گھڑی لہرا کے چھت پر سامنے آئے (غزل)
وہ زلفیں جس گھڑی لہرا کے چھت پر سامنے آئے
طواف حسن کرنے پھر کبوتر سامنے آئے
کیا کرتا تھا میں جن کی وفاداری پہ ناز اکثر
سر میداں وہی احباب کھل کر سامنے آئے
کچل ڈالا تھا دنیا نے جنہیں مغرور قدموں سے
وہی ذرے مثال ماہ و اختر سامنے آئے
ہمیں تو بس تمہارے نقش پا پر چلتے رہنا ہے
ہمیں کیا منزل آئے کتنے پتھر سامنے آئے
مری خواہش یہ رہتی ہے کی ہر پل فکر میں میرے
مرے محبوب کا روئے منور سامنے آئے
سر محفل کیا اعلان اس نے پارسائی کا
دل مضطر کی باتوں میں دلاور سامنے آئے