پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہنواز نور کی غزلیں — Shahnawaz Noor Ghazals

شہنواز نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لوگ نفرت کی جب اس آگ سے جل جائیں گے (غزل)

لوگ نفرت کی جب اس آگ سے جل جائیں گے

مجھ کو امید ہے حالات بدل جائیں گے

جو تھے موجود مری جیب میں کھوٹے سکے

میں سمجھتا تھا کہ بازار میں چل جائیں گے

چھوڑ سکتے ہیں مجھے ریس میں پیچھے لیکن

لوگ کیا وقت سے آگے بھی نکل جائیں گے

اپنے اشکوں سے بھگو دیں گے پھر اس کی بنیاد

دیکھنے ہم جو کبھی تاج محل جائیں گے

اے مری موت مجھے سوتے سمے مت آنا

تیرے پیروں سے مرے خواب کچل جائیں گے

میرے بیٹے تو کھلونے کے لیے ضد مت کر

آج رہنے دے بہت دھوپ ہے کل جائیں گے

مجھ سے اب آپ کی تعریف نہ ہو پائے گی

آپ کم ظرف ہیں شہرت سے اچھل جائیں گے

گنگنائیں گی جسے پڑھ کے کئی نسلیں تری

ہم تری میز پہ رکھ کر وہ غزل جائیں گے

جو قابل ہوں اس کے انہیں سے کرو (غزل)

جو قابل ہوں اس کے انہیں سے کرو

محبت حسیں ہے حسیں سے کرو

چلو تم کو پرپوز کرتا ہوں میں

شروعات تم بھی نہیں سے کرو

کسی اور کے پاس کیوں جاؤ گے

ہماری برائی ہمیں سے کرو

تمہیں جب کسی پر بھروسہ نہیں

تو شک ہی کرو پر یقیں سے کرو

سفر بعد مرنے کے اک اور ہے

جہاں ختم ہو پھر وہیں سے کرو

جو سچ بولتے ہیں زباں کاٹ دو

اب آغاز اس کا ہمیں سے کرو

مزید غزلیں از شہنواز نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں