پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہدہ تبسم کی غزلیں — Shahida Tabassum Ghazals

شاہدہ تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں زہر رہی ہر شام رہی (غزل)

میں زہر رہی ہر شام رہی

بارش کی ہوا بدنام رہی

پاتال میں دریا جذب ہوئے

میں سطح رہی دو گام رہی

امکان اثر پر شمع دعا

بجھنے کی ادا کا نام رہی

مرے تنہا دشت کے جذبوں میں

تری یاد تہ آلام رہی

کونپل کو دھوپ ہوا سے کیا

مٹی کی نمی ناکام رہی

بادل مری چھت پر کب ٹھہرے

دیوار پہ گہری شام رہی

اس گھر کے اندھیرے لمحوں میں

بس ایک کرن سر بام رہی

میں چھاؤں کے سکھ سے لوٹ گئی

تری دھوپ مرا آرام رہی

اسے جب بھی دیکھا بہت دھیان سے (غزل)

اسے جب بھی دیکھا بہت دھیان سے

تو پلکوں میں آئینے سجنے لگے

خوشا اے سر شام بھیگے شجر

ترے زخم کچھ اور گہرے ہوئے

مسافر پہ خود سے بچھڑنے کی رت

وہ جب گھر کو لوٹے بہت دل دکھے

کہیں دور ساحل پہ اترے دھنک

کہیں ناؤ پر امن بادل چلے

بہت تیرگی میرے محلوں میں تھی

دریچے جو کھولے تو منظر اگے

عجب آنچ ہے دل کے دامن تلک

کوئی آگ جیسے ہوا میں بہے

بہت دستکیں تھیں وہ ٹھہرا بھی تھا

ہوا تیز ہو جب تو کیا در کھلے

وہ چاہا گیا تھا جنہیں ٹوٹ کر

پرائے ملے تھے پرائے گئے

ترا نطق ہی مجھ کو زنجیر تھا

ابھی تک نہ مجھ سے یہ حلقے کھلے

مزید غزلیں از شاہدہ تبسم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں