شاہ دین ہمایوں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ کس کے سوز کا ہے بزم جاں میں انتظار اے دل (غزل)
یہ کس کے سوز کا ہے بزم جاں میں انتظار اے دل
کہ آہیں آج سوئے عالم بالا نہیں جاتیں
امیدیں جب مری بڑھ آئیں تو ہنس کر لگے کہنے
یہ برسوں قید دل میں رہ کے کیوں گھبرا نہیں جاتیں
نہیں گستاخ آئینہ مقابل ہے کھڑا کوئی
یہ حیراں ہے کہ کیوں آنکھیں تری شرما نہیں جاتیں
کھڑا ہوں انتظار یار میں جوں شاخ نرگس میں
مجھے حیرت ہے کیوں آنکھیں مری پتھرا نہیں جاتیں
ترے گلشن میں تاروں کی بہار اک ہے عجب جادو
یہ کلیاں پھول بن کر اے فلک کمھلا نہیں جاتیں
ہمایوںؔ تیرا دل بھی گلشن حسرت کا نغمہ ہے
خوشی میں بھی تری باتیں وہ غم افزا نہیں جاتیں
کیوں مشت خاک پر کوئی دل داغ دار ہو (غزل)
کیوں مشت خاک پر کوئی دل داغ دار ہو
مر کر بھی یہ ہوس کہ ہمارا مزار ہو
بڑھ جائے غم کا سلسلہ کہسار کی طرح
طولانی گر یہ زندگئ مستعار ہو
اس صید گاہ میں وہی نکلے گا بچ کے صاف
جو صید سب سے پہلے اجل کا شکار ہو
اس بوالہوس کی موت کے قربان جائیے
جو پھر دوبارہ جینے کا امیدوار ہو
ہستی کا طوق تو ہے قیامت پس وفات
یارب کہیں یہ میرے گلے کا نہ ہار ہو
یکساں ہے اہل دل کے لیے انبساط و غم
باغ جہاں میں آئے خزاں یا بہار ہو
اے شاعران قوم زمانہ بدل گیا (نظم)
اے شاعران قوم زمانہ بدل گیا
پر مثل زلف یار تمہارا نہ بل گیا
پیٹو گے کب تلک سر رہ تم لکیر کو
بجلی کی طرح سانپ تڑپ کر نکل گیا
اٹھو وگرنہ حشر نہیں ہوگا پھر کبھی
دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا
اک تم کہ جم گئے ہو جمادات کی طرح
اک وہ کہ گویا تیر کماں سے نکل گیا
ہاں ہاں سنبھالو قوم کو شاید سنبھل ہی جائے
گر گر کے ملک ہند کچھ آخر سنبھل گیا