شاد جیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تپتے ہوئے صحرا میں شجر ڈھونڈ رہا ہوں (غزل)
تپتے ہوئے صحرا میں شجر ڈھونڈ رہا ہوں
ملنا ہے گو دشوار مگر ڈھونڈ رہا ہوں
سوکھے ہوئے پتے بھی نہیں جن کے بدن پر
میں ایسے درختوں پہ ثمر ڈھونڈ رہا ہوں
یہ دشت جہالت ہے یہاں کفر ہے ادراک
اس دشت میں کیوں علم و ہنر ڈھونڈ رہا ہوں
دنیا تو بہت تنگ ہوئی جاتی ہے یارو
یہ سوچ کے افلاک میں گھر ڈھونڈ رہا ہوں
تخئیل کی پرواز کو جو شعر میں ڈھالے
اخبار میں اک ایسی خبر ڈھونڈ رہا ہوں
تنگ آ کے غضب ناک اندھیروں کے سفر سے
میں شادؔ اجالوں کی ڈگر ڈھونڈ رہا ہوں
دے کے مفہوم کو لفظوں کے خزانے میرے (غزل)
دے کے مفہوم کو لفظوں کے خزانے میرے
لوگ لکھیں گے مرے بعد فسانے میرے
دے گیا گیت کے سر کون نہ جانے میرے
ہر پرندے کی زباں پر ہیں ترانے میرے
شور دریا نہیں ہے مجھ میں سمندر کا سکوت
یہ صفت مجھ کو عطا کی ہے خدا نے میرے
پھر مخاطب ہے مرے جسم سے پروا یارو
پھر نہ جاگ اٹھیں کہیں درد پرانے میرے
بوجھ میں سنگ مروت کا اٹھاؤں کیسے
تیرے احسان نے خم کر دئے شانے میرے
شب سے پوچھو نئے سورج کی ابھرتی کرنو
شب نے دیکھے ہیں ضیا بار زمانے میرے
کیسی پرواز کہ پرواز سے پہلے اے دوست
بال و پر کاٹ لئے دست ہوا نے میرے
سوچتا رہتا ہے ناکام مسافر شب بھر
کہکشاں آئے گی رستوں کو سجانے میرے
ساحل وقت سے ٹکرا ہی گئی آخر شادؔ
مشورے موج تخیل نے نہ مانے میرے