پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاد بلگوی کی غزلیں — Shad Bilgavi Ghazals

شاد بلگوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھ سے ہاتھ ملا دل سے طبیعت نہ ملی (غزل)

ہاتھ سے ہاتھ ملا دل سے طبیعت نہ ملی

آپ کے ساتھ مری ایک بھی عادت نہ ملی

زندگی وقف اسی کے لیے کر دی ناداں

ایک لمحہ جسے تیرے لئے فرصت نہ ملی

عیش و آرام سے کیوں کر ہمیں ملتی تسکین

جب ہمیں غم سے خوشی رنج سے راحت نہ ملی

اس کو انسان تو کہتے ہوئے شرم آتی ہے

تیری درگہ سے جسے رتی بھی غیرت نہ ملی

جوں ہی میدان میں ہم تان کے سینہ نکلے

کوئی آفت کوئی دکھ کوئی مصیبت نہ ملی

لطف آتا ہے ہمیں ظلم سے ٹکر لے کر

حشر برپا نہ ہوا ہائے قیامت نہ ملی

کون گھاٹے میں رہا فیصلہ دنیا دے گی

جس کو دولت نہ ملی یا جسے عزت نہ ملی

لاکھ بہتوں کی لگی کچھ کی لگی دس دس لاکھ

شادؔ کو پوری کسی شعر کی قیمت نہ ملی

نہایت انکساری عاجزی سے بات کرتے ہیں (غزل)

نہایت انکساری عاجزی سے بات کرتے ہیں

ہم ان سے جب وہ ہم سے بے رخی سے بات کرتے ہیں

ہمارے ساتھ ہو تو مختصر سی بات ہوتی ہے

چلا کرتی ہے پہروں جب کسی سے بات کرتے ہیں

ہمیں کہتے ہیں دیکھو بھئی کسی سے بات مت کرنا

اور اس پر خود جو ملتا ہے اسی سے بات کرتے ہیں

تمہیں ہو ایک جن کو بات کرنے کا سلیقہ ہے

ہمیں ہیں ایک جو بے ہودگی سے بات کرتے ہیں

ہوئے جاتے ہو کیوں کپڑوں سے باہر غیر کی سن کر

ذرا بیٹھو تسلی دلجمعی سے بات کرتے ہیں

کسی سے بات کرتے ہیں کسی کی بات ہوتی ہے

ارے باوا تمہاری کب کسی سے بات کرتے ہیں

بڑھائے دوستی کا ہاتھ دشمن بھی تہ دل سے

لگا لیتے ہیں سینے سے خوشی سے بات کرتے ہیں

اکیلے تھے ترستے تھے کسی سے بات کرنے کو

تو ہم نے سوچا آؤ شادؔ ہی سے بات کرتے ہیں

مزید غزلیں از شاد بلگوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں