پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبنم وحید کی غزلیں — Shabnam Waheed Ghazals

شبنم وحید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوشبوؤں سے مری ہر سانس کو بھر دیتا ہے (غزل)

خوشبوؤں سے مری ہر سانس کو بھر دیتا ہے

موسم گل ترے آنے کی خبر دیتا ہے

مجھ سے ملتا ہے مگر تیز ہواؤں کی طرح

ہر قدم پر مجھے جو شوق سفر دیتا ہے

بھر گئی ہے مرے دامن کو ندی کی اک موج

لوگ کہتے ہیں سمندر ہی گہر دیتا ہے

خامشی مہر لگا دیتی ہے ہونٹوں پہ مرے

اس طرح بھی وہ رفاقت کا ثمر دیتا ہے

اور بھی عمر بڑھا دیتا ہے میری شبنمؔ

میرا سورج مجھے جب سیل شرر دیتا ہے

نئی بہار کا تھا منتظر چمن میرا (غزل)

نئی بہار کا تھا منتظر چمن میرا

جو اس کا لمس ملا کھل اٹھا بدن میرا

خبر نہیں مری تنہائیوں میں رات گئے

نہ جانے کون بھگوتا ہے پیرہن میرا

مرے وجود کو چھو لے مجھے مکمل کر

ترے بغیر ادھورا ہے بانکپن میرا

ہر اک محاذ پہ مجھ کو شکست دی اس نے

اگرچہ چار سو لشکر تھا خیمہ زن میرا

اب اس کے سامنے جاؤں تو خاک اڑتی ہے

وہ دن گئے کہ تھا آئینہ ہم سخن میرا

مزید غزلیں از شبنم وحید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں