شبنم شکیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منظر سے کبھی دل کے وہ ہٹتا ہی نہیں ہے (غزل)
منظر سے کبھی دل کے وہ ہٹتا ہی نہیں ہے
اک شہر جو بستے ہوئے دیکھا ہی نہیں ہے
کچھ منزلیں اب اپنا پتہ بھی نہیں دیتیں
اور راستہ ایسا ہے کہ کٹتا ہی نہیں ہے
اک نقش کہ بن بن کے بگڑتا ہی رہا ہے
اک خواب کہ پورا کبھی ہوتا ہی نہیں ہے
کیا ہم پہ گزرتی ہے تمہیں کیسے بتائیں
تم نے تو پلٹ کر کبھی پوچھا ہی نہیں ہے
اک عمر گنوائی ہے تو پھر دل کو ملا ہے
وہ درد کہ جس کا کوئی چارہ ہی نہیں ہے
یہ عشق کی وادی ہے ذرا سوچ سمجھ لو
اس راہ پہ پاؤں کوئی دھرتا ہی نہیں ہے
ڈھونڈے سے خدا ملتا ہے انسان ہے وہ تو
تم نے اسے شبنمؔ کبھی ڈھونڈا ہی نہیں ہے
ہاتھ نہ آئی دنیا بھی اور عشق میں بھی گمنام رہے (غزل)
ہاتھ نہ آئی دنیا بھی اور عشق میں بھی گمنام رہے
سوچ کے اب شرمندہ ہیں کیوں دونوں میں ناکام رہے
اب تک اس کے دم سے اپنی خوش فہمی تو قائم ہے
اچھا ہے جو بات میں اس کی تھوڑا سا ابہام رہے
ہم نے بھی کچھ نام کیا تھا ہم کو بھی اعزاز ملے
عشق میں ہم بھی اک مدت تک مورد صد دشنام رہے
میرے پاس تو اپنے لیے بھی اکثر کوئی وقت نہ تھا
ہاں جو فراغت کے لمحے تھے تیری یاد کے نام رہے
واقف حال تو ہے وہ اپنا منصف جانبدار سہی
اس کے ہر انصاف کا لیکن میرے سر الزام رہے
آج کا دن بھی بے مصرف سی سوچوں ہی میں بیت گیا
آج کے دن بھی یوں ہی پڑے پھر گھر کے سارے کام رہے
رات سے پہلے مجھے فیصلہ کرنا ہے کوئی (نظم)
رات سے پہلے مجھے فیصلہ کرنا ہے کوئی
رات آئے گی تو پھر ساتھ ہی آ جائیں گے
سارے اندیشے مرے اور مرے وسوسے سب
دہری سوچیں مری
ساتھ تذبذب میرا
رات کا سحر و فسوں
مجھے بے یار و مددگار سا کر ڈالے گا
مجھے کر دے گا وہ کمزور بھی اور بزدل بھی
مرے معبود
آج کے دن کو ٹھہر جانے کے احکام سنا