سیوک نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی ناکام محبت پہ ہنسی آتی ہے (غزل)
اپنی ناکام محبت پہ ہنسی آتی ہے
دل کی بگڑی ہوئی قسمت پہ ہنسی آتی ہے
میں نے سمجھا تھا سہارا جسے اپنے دل کا
آج مجھ کو اسی الفت پہ ہنسی آتی ہے
ڈھل گئی جو کسی بے ربط سے افسانے میں
دل کی اس تازہ حقیقت پہ ہنسی آتی ہے
چاہتا ہے کہ انہیں شام و سحر پیار کرے
دل معصوم کی حسرت پہ ہنسی آتی ہے
جس پری وش کے لیے میں نے لٹا دی ہستی
اس کو بھی اب مری حالت پہ ہنسی آتی ہے
پردہ ہٹا کے جب وہ حسیں مسکرائے گا (غزل)
پردہ ہٹا کے جب وہ حسیں مسکرائے گا
بجلی ہمارے ہوش و خرد پر گرائے گا
کیا تھی خبر کہ ترک تعلق کے بعد بھی
ہم کو وہ شوخ پردہ نشیں یاد آئے گا
امید و آرزو کی تباہی تو دیکھ لی
اب اور کیا ہمیں یہ مقدر دکھائے گا
اے قلب زار صبر و تحمل سے کام لے
کب تک کسی کی یاد میں آنسو بہائے گا
میری زباں سے سن نہ سکے وہ اگر تو کیا
روداد میری ان کو زمانہ سنائے گا
جس راز کو چھپا نہ سکے قیس و کوہ کن
اے قلب غم نصیب تو کیسے چھپائے گا
نیرؔ غموں کی تیز ہواؤں کے سامنے
کب تک خیال و خواب کی شمع جلائے گا
تیری تصویر (نظم)
تیری تصویر
اے میرے ہمدم
میں نے جب بھی باغور دیکھی ہے
یوں لگا ہے کہ
تیری آنکھوں میں
دونوں عالم کا پیار آ چھلکا
تیری زلفوں کی
نرم چھاؤں میں
زندگی کی بہار آ ٹھہری
میرے خوابوں کی وہ حسیں دنیا جس کو دیکھوں
تو دیکھتا ہی رہوں
کیسے واپس کروں
تری تصویر