سحر عشق آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
داور نے بندے بندوں نے داور بنا دیا (غزل)
داور نے بندے بندوں نے داور بنا دیا
ساگر نے قطرے قطروں نے ساگر بنا دیا
بیتابیوں نے دل کی بامید شرح شوق
اس جاں نواز کو بھی ستم گر بنا دیا
پہلی سی لذتیں نہیں اب درد عشق میں
کیوں دل کو میں نے ظلم کا خوگر بنا دیا
کیفیت شباب سے معذور کچھ ہوئے
کچھ عاشقوں نے بھی انہیں خود سر بنا دیا
سحرؔ اس نگاہ مست پہ قربان کیوں نہ ہو
جس کے کرم نے زندہ قلندر بنا دیا
فرشتے بھی پہنچ سکتے نہیں وہ ہے مکاں اپنا (غزل)
فرشتے بھی پہنچ سکتے نہیں وہ ہے مکاں اپنا
ٹھکانا ڈھونڈے دور زمیں و آسماں اپنا
خدا جبار ہے ہر بندہ بھی مجبور و تابع ہے
دو عالم میں نظر آیا نہ کوئی مہرباں اپنا
نگاہ مضطرب پھر ڈھونڈتی ہے کس کو ہر شے میں
زمین اپنی عزیز اپنے خدائے دو جہاں اپنا
گزرنے کو تو گزرے جا رہے ہیں راہ ہستی سے
مگر ہے کارواں اپنا نہ میر کارواں اپنا
نہ وہ پرواز کی قوت نہ وہ دل کی امنگ اب ہے
ہوئی مدت چمن چھوٹے قفس ہے آشیاں اپنا
پہیلی خود تھی ہستی عشق نے کچھ اور الجھائی
کوئی اے سحرؔ کیا سمجھے نہیں میں رازداں اپنا