پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیماب سلطانپوری کی غزلیں — Seemab Sultanpuri 1 Ghazals

سیماب سلطانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتاب عمر میں اک وہ بھی باب ہوتا ہے (غزل)

کتاب عمر میں اک وہ بھی باب ہوتا ہے

ہر اک سوال جہاں لا جواب ہوتا ہے

میں پی گیا ہوں یہی سوچ کر ترے آنسو

حسین آنکھوں کا پانی شراب ہوتا ہے

مرے بھی ہاتھ میں آیا تھا جام ٹوٹ گیا

کسی کسی کا مقدر خراب ہوتا ہے

لبوں سے حرف محبت ادا نہیں ہوتا

نظر نظر سے سوال و جواب ہوتا ہے

کسی کے درد کو سمجھو کسی کا غم لے لو

کسی کا ہاتھ بٹانا ثواب ہوتا ہے

کبھی وہ جاگتا رہتا ہے سوئی آنکھوں میں

کبھی وہ جاگتی آنکھوں کا خواب ہوتا ہے

مکیں بن کے یہاں کون آئے گا سیمابؔ

دل شکستہ مکان خراب ہوتا ہے

دل پہ جب تیرا تصور چھا گیا (غزل)

دل پہ جب تیرا تصور چھا گیا

زندگی کا آئنہ دھندلا گیا

عمر بھر کوئی خوشی آئی نہ راس

روٹھ کر اس دل سے تو اچھا گیا

آدمی کے آئنے میں دیکھ کر

اپنی صورت سے خدا شرما گیا

میں تو رو رو کر سدا کھلتا رہا

تو اے گل ہنسنے پہ بھی مرجھا گیا

دے کے کوئی مسکراہٹ کا کفن

آرزو کو دل میں ہی دفنا گیا

لے کے آئے تھے مقدر قیس کا

ساتھ اپنے ہر جگہ صحرا گیا

دل تو تھا شیشے کا گو سیمابؔ کا

پتھروں کے شہر میں پتھرا گیا

مزید غزلیں از سیماب سلطانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں