سیماب بٹالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مزا جب ہے اسے برق تجلیٰ دیکھنے والے (غزل)
مزا جب ہے اسے برق تجلیٰ دیکھنے والے
جمال یار میں تحلیل ہو جا دیکھنے والے
نظر آتی تجھے ہر خاک کے ذرہ میں اک دنیا
نگاہ غور سے تو نے نہ دیکھا دیکھنے والے
تجھے نزدیک سے بھی ایک دن وہ دیکھ ہی لیں گے
تصور میں ترا حسن دل آرا دیکھنے والے
خبر بھی ہے تجھے کچھ یہ تماشہ گاہ عالم ہے
تماشہ خود نہ بن جانا تماشہ دیکھنے والے
حریم طور کا سیمابؔ جب اٹھنے لگا پردہ
ندا یہ غیب سے آئی سنبھل جا دیکھنے والے
مجبور ہوں گناہ کئے جا رہا ہوں میں (غزل)
مجبور ہوں گناہ کئے جا رہا ہوں میں
فرد عمل سیاہ کئے جا رہا ہوں میں
گو جانتا بھی ہوں ترا ملنا محال ہے
اس پر بھی تیری چاہ کئے جا رہا ہوں میں
تیرا فریب وعدہ بہت کامیاب ہے
آنکھوں کو فرش راہ کئے جا رہا ہوں میں
تقسیم ہو رہی ہے مری وسعت نظر
ذروں کو مہر و ماہ کئے جا رہا ہوں میں
تیرا کرم ہی اس کا محرک نہ ہو کہیں
کیا جانے کیوں گناہ کئے جا رہا ہوں میں
مجھ کو خبر ہے شیخ تجھے کچھ خبر نہیں
کیوں زندگی تباہ کئے جا رہا ہوں میں
سیمابؔ دین سے بھی مرے دل کو عشق ہے
دنیا سے بھی نباہ کئے جا رہا ہوں میں
محبت پر فدا سارا زمانہ (نظم)
محبت پر فدا سارا زمانہ
محبت کا ہر اک دل میں ٹھکانہ
محبت رات دن صدمے اٹھانا
مگر لب پر کبھی شکوہ نہ لانا
محبت ہمت دل آزمانا
محبت آفتوں میں مسکرانا
محبت بارش لعل بدخشاں
محبت خون کے آنسو بہانا
محبت نالہ و ماتم بظاہر
مگر باطن میں عشرت کا ترانا
محبت جذبۂ ایثار یکسر
محبت زندگی پر کھیل جانا
محبت میں گنوا دی جان جس نے
محبت کو اسی نے خوب جانا