سیما وجے ورگیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ستاروں میں وہ بہاروں میں وہ فضاؤں میں بھی وہی دکھے ہے (غزل)
ستاروں میں وہ بہاروں میں وہ فضاؤں میں بھی وہی دکھے ہے
کھلا کھلا سا ہے اک جو چہرہ ہزاروں میں بھی وہی دکھے ہے
یہ ہوک کیسی کسک یہ کیسی تڑپ یہ کیسی کوئی بتائے
نہ من لگے اب کہیں کدھر بھی کتابوں میں بھی وہی دکھے ہے
یہ دل کے تاروں کو کس نے چھیڑا یہ کیسی سرگم سنائی کس نے
کشش یہ کیسی یہ کیسا جادو خیالوں میں بھی وہی دکھے ہے
اداؤں میں وہ وفاؤں میں وہ صداؤں میں وہ دعاؤں میں وہ
وہ دھڑکنوں میں ہے سانس میں وہ نگاہوں میں بھی وہی دکھے ہے
یہ عشق ہے یا یہ عاشقی ہے کہ صوفیانہ ہے پیار کوئی
ہے کون جو سب بتائے مجھ کو سوالوں میں بھی وہی دکھے ہے
کہاں کہاں تک میں اس کو ڈھونڈھوں کہاں کہاں تک میں اس کو جانوں
وہ کعبہ کاشی وہ مسجدوں میں شوالوں میں بھی وہی دکھے ہے
وہی خدا ہے وہی ہے دلبر وہ میرا پریتم وہ میرا ایشور
زمیں سے لے کر وہ آسماں تک ہواؤں میں بھی وہی دکھے ہے
میرے ہونٹوں پہ بس اب ترا نام ہو (غزل)
میرے ہونٹوں پہ بس اب ترا نام ہو
اور کوئی نہ دوجا مجھے کام ہو
یہ ضروری نہیں عشق میں ڈوب کر
ہر کوئی رادھکا ہر کوئی شیام ہو
بھول جانا نہیں یاد رکھنا سدا
میں تمہاری سیا تم مرے رام ہو
اس طرح بھی بجاؤ مرلیا کبھی
بس مرا بس مرا بس مرا نام ہو
ایک آواز پر ہی چلے آئیے
میرے دل کو کہیں کچھ تو آرام ہو
بھول جاؤں جہاں کو تمہارے لیے
عشق میں بس یہی میرا انعام ہو