پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید ہمایوں میرزا حقیر کی غزلیں — Sayad Humayun Mirza Haqeer Ghazals

سید ہمایوں میرزا حقیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد دل اپنا سنانا چاہئے (غزل)

درد دل اپنا سنانا چاہئے

ہنسنے والوں کو رلانا چاہئے

کوئے قاتل میں جو ہونی ہو سو ہو

بے تکلف آنا جانا چاہئے

تیغ ابرو کے شہیدوں کے لئے

آخری خلعت شہانہ چاہئے

گر قدم رکھنا ہے کوئے یار میں

زندگی سے ہاتھ اٹھانا چاہئے

کیا کہوں بیدردیٔ صیاد عشق

اس کے پھندے میں نہ آنا چاہئے

ہم جو بیٹھیں تو کہاں جز کوئے دوست

کوئی اپنا بھی ٹھکانا چاہئے

رنج دے کر خوش نہیں رہتا کوئی

کیوں کسی کا دل دکھانا چاہئے

قصۂ فرہاد و مجنوں ہو جہاں

کچھ تو اپنا بھی فسانا چاہئے

دیکھنا ہے گر بہار باغ عشق

خون کے آنسو بہانا چاہئے

یار کے در کی ہے چھانی جس نے خاک

اس کو سر پر خاک اڑانا چاہئے

جاگ کے کیوں سو گئے پھر اے حقیرؔ

کیا تمہیں ہر دم جگانا چاہئے

کروں کس سے فریاد کیا ہو گیا (غزل)

کروں کس سے فریاد کیا ہو گیا

مرا یار مجھ سے جدا ہو گیا

کریں کیا کہ دل ہاتھ سے جا چکا

جو ہونا مقدر میں تھا ہو گیا

مرا جو غم ہجر میں وہ جیا

کہ زندان غم سے رہا ہو گیا

مرے سامنے غیر سے اختلاط

مروت کا بس خاتمہ ہو گیا

کہوں عشق پروانہ کیا شمع سے

وہ روشن رہی خود فنا ہو گیا

حقیرؔ آگے پیتا تھا مے خم کے خم

میں سنتا ہوں اب پارسا ہو گیا