پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرور خان سرور کی غزلیں — Sarwar Khan Sarwar Ghazals

سرور خان سرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لبوں پہ جھوٹ موٹ کی ہنسی سجا کے دیکھ لو (غزل)

لبوں پہ جھوٹ موٹ کی ہنسی سجا کے دیکھ لو

ستارے چھپ گئے ہیں تو دئے جلا کے دیکھ لو

بہار کا نہیں نشاں اگر چمن میں ہے خزاں

سجاؤ بزم دوستاں فضا بنا کے دیکھ لو

وہ لوگ جو بچھڑ گئے پلٹ کے پھر نہ آ سکے

تو جاؤ ان کو ڈھونڈ لو گلے لگا کے دیکھ لو

بہت سے روگ وہ بھی ہیں دوائیں جن کا حل نہیں

خفا جو تم سے ہو گئے انہیں منا کے دیکھ لو

سنو جو دل پہ بوجھ ہے اتار دو کسی طرح

رکے ہوئے جو اشک ہیں انہیں بہا کے دیکھ لو

خوشی کی آرزو ہے تو انا کا خول توڑ دو

جو فاصلے ہیں بیچ میں انہیں مٹا کے دیکھ لو

جو چین مل نہیں رہا جو نیند آ نہیں رہی

بغل میں سو رہا ہے جو اسے جگا کے دیکھ لو

خوشی سے جشن بہاراں منایا کرتے تھے (غزل)

خوشی سے جشن بہاراں منایا کرتے تھے

کبھی تو ہم بھی پتنگیں اڑایا کرتے تھے

ہوائے ترک تعلق تو اب چلی ہے میاں

پرانے لوگ تعلق نبھایا کرتے تھے

دلوں میں جھوٹی انا پالتا نہیں تھا کوئی

جو روٹھتا اسے جا کر منایا کرتے تھے

سبھی کی ہانڈیاں سانجھی تھیں پوری بستی میں

جہاں پہ بھوک لگی کھانا کھایا کرتے تھے

کوئی جب آتا تو ہنس کر گلے لگاتے ہم

کسی کے جانے پہ آنسو بہایا کرتے تھے

جو چھوٹے تھے وہ بزرگوں سے جھک کے ملتے تھے

بڑے بھی چھوٹوں کے نخرے اٹھایا کرتے تھے

مزید غزلیں از سرور خان سرور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں