سرور ارمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم تو موجود تھے راتوں میں اجالوں کی طرح (غزل)
ہم تو موجود تھے راتوں میں اجالوں کی طرح
لوگ نکلے ہی نہیں ڈھونڈنے والوں کی طرح
جانے کیوں وقت بھی آنکھیں بھی قلم بھی لب بھی
آج خاموش ہیں گزرے ہوئے سالوں کی طرح
حاجتیں زیست کو گھیرے میں لیے رکھتی ہیں
خستہ دیوار سے چمٹے ہوئے جالوں کی طرح
رات بھیگی تو سسکتی ہوئی خاموشی سے
آسماں پھوٹ پڑا جسم کے چھالوں کی طرح
ساری راہیں سبھی سوچیں سبھی باتیں سبھی خواب
کیوں ہیں تاریخ کے بے ربط حوالوں کی طرح
زندگی خشک ہے ویران ہے افسردہ ہے
ایک مزدور کے بکھرے ہوئے بالوں کی طرح
زخم پہنے ہوئے معصوم بھکاری بچے
صفحۂ دہر پہ بکھرے ہیں سوالوں کی طرح
تلخیص کے بدن میں تفسیر بولتی ہے (غزل)
تلخیص کے بدن میں تفسیر بولتی ہے
تکمیل آرزو میں تدبیر بولتی ہے
یہ معجزہ بھی دیکھا ہم نے کمال فن کا
چپ ہو اگر مصور تصویر بولتی ہے
تزئین انجمن کے ہم نے جو خواب دیکھے
اب کرچیوں میں ان کی تعبیر بولتی ہے
وہ لب کشا ہو جس دم لگتا ہے ہر کسی کو
ہر لفظ میں اسی کی تقدیر بولتی ہے
بنتا ہے مفلسوں کا وہ غم گسار لیکن
انداز گفتگو میں جاگیر بولتی ہے
جذبوں پہ لاکھ کوئی پابندیاں لگا دے
اظہار میں انہی کی تاثیر بولتی ہے
خاموش ہیں قفس کے دیوار و در تو کیا ہے
ٹکرا کے ہر قدم سے زنجیر بولتی ہے
جب آگہی کا اژدر ڈستا ہے آدمی کو
مفہوم ناچتے ہیں تحریر بولتی ہے