سروش لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی صورت نہ چین آئے تو کیا ہو (غزل)
کسی صورت نہ چین آئے تو کیا ہو
تسلی اور تڑپائے تو کیا ہو
عداوت تو عداوت ہے بہر حال
محبت بھی نہ راس آئے تو کیا ہو
وہ سمجھائیں دلاسا دیں منائیں
مگر دل پھر بھی گھبرائے تو کیا ہو
یہ مانا روک دیں ہم چشم تر کو
تبسم خون برسائے تو کیا ہو
زباں کو کاٹ ڈالیں ہونٹ سی لیں
خموشی آہ بن جائے تو کیا ہو
وہ سمجھاتے رہیں اور نا مرادی
گلے سے بڑھ کے لگ جائے تو کیا ہو
معاذ اللہ خود گھر کے دیے سے
جو گھر میں آگ لگ جائے تو کیا ہو
کہاں کی آگ اور کیسا نشیمن
جو بجلی آپ جل جائے تو کیا ہو
یہ مانا عشق کی کچھ حد نہیں ہے
جب ان سے عشق شرمائے تو کیا ہو
مسوسیں لاکھ ہم سینے میں دل کو
انہیں کی آنکھ بھر آئے تو کیا ہو
ٹھہوکے دے نہ یوں اے چشم ساقی
جو پیمانہ چھلک جائے تو کیا ہو
بصد مشکل پیا جائے جو آنسو
وہ ان پلکوں پہ تھرائے تو کیا ہو
یہ تنہائی یہ رونا چپکے چپکے
کوئی ایسے میں آ جائے تو کیا ہو
ہوا سے ان کے دامن کی بجھے دل
صبا سے پھول کمہلائے تو کیا ہو
تبسم ان کا لے لیں میرے آنسو
کرن کو اوس پی جائے تو کیا ہو
مصیبت ہو تو کوئی صبر کر لے
خوشی غم بن کے تڑپائے تو کیا ہو
دل حساس اور جوش محبت
حباب آندھی سے ٹکرائے تو کیا ہو
وہ پہلو میں سروشؔ اور یہ قیامت
جو وہ پہلو سے اٹھ جائے تو کیا ہو
تمام درد ہو دل اور نظر گلہ نہ کرے (غزل)
تمام درد ہو دل اور نظر گلہ نہ کرے
کسی غریب پہ یوں آ بنے خدا نہ کرے
ہزار درد دے اور ایک کی دوا نہ کرے
جو کچھ کسی کی نگاہ کرشمہ زا نہ کرے
وہ دل کی اک نہ سنے دل مرا کہا نہ کرے
پڑے کسی سے کسی کی غرض خدا نہ کرے
بگڑ کے بیٹھے ہیں تیوری چڑھی ہے برہم ہیں
کہ کوئی عرض تمنا کا حوصلہ نہ کرے
نہ بن سنور کے ہر اک بار آئنہ دیکھو
لگے تمہیں کو تمہاری نظر خدا نہ کرے
شب فراق کے تارے یہ کہہ کے ڈوب گئے
کسی کا کوئی محبت میں آسرا نہ کرے
جنون عشق کی معصوم حسرتیں توبہ
وہ منتیں کریں دل عرض مدعا نہ کرے
دل اور تیری محبت کے دکھ ارے توبہ
یہ غم نصیب ہو دشمن کو بھی خدا نہ کرے
نگاہ ناز ہو جب آپ سلسلہ جنباں
تو کون ہوگا جو تجدید مدعا نہ کرے
تمہیں کہو کہ جو تم آس اس طرح توڑو
تو کس امید پہ دل ترک مدعا نہ کرے
کسی کے وعدۂ فردا کی شرم رہ جائے
خدا کرے کہ مری زندگی وفا نہ کرے
دل اور پہلی محبت کی چوٹ ارے توبہ
غم اور تازہ جدائی کا غم خدا نہ کرے
سروشؔ کتنا حسیں ہے یہ مسلک حافظؔ
گناہ لاکھ کرے ایک دل برا نہ کرے