پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرمد خان کی غزلیں — Sarmad Khan Ghazals

سرمد خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کسی جسم کی اداسی ہے (غزل)

یہ کسی جسم کی اداسی ہے

جو مسلسل مجھے بلاتی ہے

منزلیں ٹھیک ہے الگ ہوں گی

بات تو یار راستے کی ہے

روتے روتے کسی سہارے کو

پیٹھ دیوار سے لگا لی ہے

نیند بھی آ چکی ہے آنکھوں تک

رات بھی ختم ہونے والی ہے

زندگی نے بہت اجاڑا مجھے

میں نے تب زندگی اجاڑی ہے

اداس ہونٹوں سے اتنی ہنسی نکلتی ہے (غزل)

اداس ہونٹوں سے اتنی ہنسی نکلتی ہے

کہ تپتی ریت سے جتنی نمی نکلتی ہے

وہ جب بھی رات کو چھت پر ٹہلنے جاتا ہے

بہت جھجھکتے ہوئے چاندنی نکلتی ہے

مجھے سکوں نہیں دیتی ہیں اب تری یادیں

اب ان دیوں سے بہت تیرگی نکلتی ہے

ہماری آنکھ میں خوشیاں تلاشنے والے

کبھی بھی ریت سے کیا جل پری نکلتی ہے

یہ ایک چشمہ کبھی سوکھتا نہیں سرمدؔ

ہماری آنکھ ہمیشہ بھری نکلتی ہے

ابھی کچھ بات کرنی ہے ابھی تم فون مت رکھنا (نظم)

ابھی کچھ بات کرنی ہے ابھی تم فون مت رکھنا

مجھے یہ جاننا ہے ہے اب تمہارا حال کیسا ہے

نئے لوگو میں اک رشتہ پرانا یاد آتا ہے

مجھے بتلاؤ تم نے آج کیسے کپڑے پہنے ہیں

دوپٹے سے تمہارے اب بھی کیا دھاگے نکلتے ہیں

کیا اب بھی چوڑیاں ہاتھوں کی مشکل سے اترتی ہیں

کیا اب بھی چلتی ہو تو پائلیں آواز کرتی ہیں

تمہارے ہاتھ پر جلنے کا وہ اک داغ کیسا ہے

کیا اب بھی وہ کلائی پر تمہاری چاند جیسا ہے

کیا اب بھی پرس میں تم پھول کی پتی چھپاتی ہو

کیا اب بھی تتلیوں کو دیکھ کر تم مسکراتی ہو

کیا اب بھی کچھ شرارت کرکے تم شرما سی جاتی ہو

کیا اب بھی ہنستی ہو تو ہاتھ سے چہرہ چھپاتی ہو

کیا تم کو اب بھی کوئی چھیڑ دے تو روٹھ جاتی ہو

کیا تم اب بھی کسی کو پیار سے قسمیں کھلاتی ہو

مجھے اپنا بھی کچھ قصہ ابھی تم کو سنانا ہے

بدن اور روح پہ آئی ہوئی سلوٹ دکھانا ہے

مری شہ رگ پہ ہر دم ہجر کی تلوار لٹکی ہے

میری دھڑکن بھی اب رکنے کی تیاری میں رہتی ہے

مرے گملے میں رکھے پھول تم کو یاد کرتے ہیں

تمہاری یاد کی خوشبو سے یہ رستے مہکتے ہیں

مگر چھوڑو مجھے معلوم ہے تم آ نہ پاؤگی

نئے لوگوں میں اپنا اک نیا رشتہ بناؤ گی

میں تم کو بھول جاؤں یہ بہت مشکل سا لگتا ہے

مجھے تم بھول جاؤ یہ تمہارے حق میں اچھا ہے

مجھے اس سے زیادہ اور تم سے کچھ نہیں کہنا

مرا نمبر مٹا دو تم مجھے اب فون مت کرنا

مزید غزلیں از سرمد خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں