پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرتا جین کی غزلیں — Sarita Jain Ghazals

سرتا جین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کی یاد میں سب کچھ بھلانا پڑتا ہے (غزل)

کسی کی یاد میں سب کچھ بھلانا پڑتا ہے

یہ کیسا عشق ہوا جاں سے جانا پڑتا ہے

وہ اور ہیں جو محبت میں کھوئے رہتے ہیں

ہمیں تو لوٹ کے خود تک بھی آنا پڑتا ہے

تم ان کی مشکلیں آسان کیوں سمجھتے ہو

وہ جن کو روتے ہوئے مسکرانا پڑتا ہے

تمہارے پاس میں آئیں تو آئیں بھی کیسے

ہمارے بیچ میں سارا زمانا پڑتا ہے

محبتوں کے سفر پر جو چل رہے ہیں انہیں

خود اپنی لاش کو اکثر اٹھانا پڑتا ہے

تو نے کوشش ذرا بھی کی ہی نہیں (غزل)

تو نے کوشش ذرا بھی کی ہی نہیں

ورنہ یہ ناؤ ڈوبتی ہی نہیں

اس محبت میں ٹوٹنا دل کا

فرض ہوتا ہے لازمی ہی نہیں

عشق کا یہ دیار ہے صاحب

ہے خدا بھی یہاں خودی ہی نہیں

کان کب سے لگائے بیٹھی ہوں

کوئی بھی آنکھ بولتی ہی نہیں

چاک پہ رکھی رہ گئی مٹی

کوئی تخلیق تو ہوئی ہی نہیں

موت پنجے گڑائے ہے اپنے

زندگی مجھ کو چھینتی ہی نہیں

ہر مصور کا اس پہ دعویٰ ہے

ایک تصویر جو بنی ہی نہیں

وقت اس نے دیا ہے ملنے کا

اور مرے پاس میں گھڑی ہی نہیں

کوئی سرتاؔ ہے اس قدر مجھ میں

اس سے ہٹ کر غزل ہوئی ہی نہیں

مزید غزلیں از سرتا جین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں