پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرفراز خالد کی غزلیں — Sarfaraz Khalid Ghazals

سرفراز خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے ہونے سے بھی اب کچھ نہیں ہونے والا (غزل)

تیرے ہونے سے بھی اب کچھ نہیں ہونے والا

مجھ میں باقی ہی نہیں ہے کوئی رونے والا

اس سے ملتا ہوں تو لگتا ہے کہ میرے اندر

نیند سے جاگ گیا ہے کوئی سونے والا

مجھ کو اس کھیل کے آداب سبھی ہیں معلوم

میں تو اس کھیل میں شامل نہیں ہونے والا

صحرا کوئی بستی کوئی دریا ہے کہ تم ہو (غزل)

صحرا کوئی بستی کوئی دریا ہے کہ تم ہو

سب کچھ مری نظروں کا تماشا ہے کہ تم ہو

لوٹ آئے ہیں صحرا سے سبھی لوٹنے والے

اس بار مرے شہر میں اچھا ہے کہ تم ہو

تم ہو کہ مرے لب پہ دعا رہتی ہے کوئی

آنکھوں نے کوئی خواب سا دیکھا ہے کہ تم ہو

جب بھی کوئی دیتا ہے در خواب پہ دستک

میں سوچنے لگتا ہوں کہ دنیا ہے کہ تم ہو

یہ عشق کا جلتا ہوا صحرا ہے کہ میں ہوں

یہ حسن کا بہتا ہوا دریا ہے کہ تم ہو

چپ رہوں گا تو زباں یوں بھی رہے گی بے کار (نظم)

چپ رہوں گا تو زباں یوں بھی رہے گی بے کار

اور بولوں تو زباں کاٹ ہی لی جائے گی

کیوں نہ کچھ بول ہی لوں میں کہ پس قتل زباں

یہ تو افسوس نہ ہوگا کہ زباں رہتے ہوئے

مجھ کو اظہار خیالات کی جرأت نہ ہوئی

مجھ سے اس ظلم و ستم کی بھی شکایت نہ ہوئی

مزید غزلیں از سرفراز خالد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں