سرفراز بزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے ہجر نے عطا کی یہ عجیب بے قراری (غزل)
ترے ہجر نے عطا کی یہ عجیب بے قراری
نہ سکت ہے ضبط غم کی نہ مجال اشکباری
مرے سومنات دل پر صف غزنوی سے بڑھ کر
تری شبنمی ادائیں ترا طرز غم گساری
میں کہاں ہوں اور کیا ہوں تو کہاں ہے اور کیا ہے
اسی جستجو میں گزری کبھی رات ساری ساری
یہ ستیزہ گاہ عالم یہ حریف زلف برہم
نہ جنون فتنہ ساماں نہ خرد کی ہوشیاری
تو مری نظر میں کافر میں تری نظر میں کافر
میں اسیر زلف جاناں تو حریص شہریاری
مری خشک کشت دل پر ترے لفظ برق مضطر
کہ دھواں دھدھک نہ جائے تری تہمتوں پہ واری
یہ مجاوران کعبہ انہیں کیا ہوا خدایا
ترے دوستوں سے نفرت ترے دشمنوں سے یاری
کوئی رستمی سے کہہ دے کوئی مرحبی سے کہہ دے
میں غلام مصطفیٰ ہوں مرا شوق جاں نثاری
ہے بیان حال گلشن یہ جلے جلے نشیمن
یہ گھٹی گھٹی فضائیں یہ گلوں کی آہ و زاری
اے غرور بندہ پرور تجھے ہو جو خوف محشر
تو سریر سلطنت بھی ہے کلاہ خارداری
رہ زندگی میں بزمیؔ یہ متاع دل کی بازی
کبھی رہزنوں سے ہاری کبھی رہبروں سے ہاری
اشک پینے پہ رہے درد چھپانے پہ رہے (غزل)
اشک پینے پہ رہے درد چھپانے پہ رہے
ایک سچ بول کے کس کس کے نشانے پہ رہے
عمر بھر حسن ترے ناز اٹھانے پہ رہے
آب آنکھوں میں لئے آگ بجھانے پہ رہے
تم پرندے تھے گئے آئے گئے پھر آئے
پیڑ تھے ہم تو سدا ایک ٹھکانے پہ رہے
ہم سے چھوڑی نہ گئی ارض وطن کی مٹی
اپنے اجداد کی قبروں کے بہانے پہ رہے
مفلسی بھوک یہ بچہ یہ کھلونے کی دکان
بوجھ اتنا نہ کسی باپ کے شانے پہ رہے
ایسے موسم میں تمہیں یاد بہت آؤں گا
جب ہوا سرخ گلابوں کو جلانے پہ رہے
جب بھی شب خون قبیلے پہ عدو نے مارا
جتنے سردار تھے سب جان بچانے پہ رہے
مجھ سے ہر سانس پہ مانگا گیا شدت سے خراج
میرے احسان ادھر سارے زمانے پہ رہے
تاج غیروں نے مرے سر پہ سجائے بزمیؔ
میرے اپنے مری دستار گرانے پہ رہے