سردار آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جھوٹ ہے کہ بچھڑنے کا اس کو غم بھی نہیں (غزل)
یہ جھوٹ ہے کہ بچھڑنے کا اس کو غم بھی نہیں
وہ رو رہا ہے مگر اس کی آنکھ نم بھی نہیں
یہ بات سچ ہے کہ وہ زندگی نہیں میری
مگر وہ میرے لئے زندگی سے کم بھی نہیں
تجھے پتہ ہی نہیں میری راہ کیسی ہے
تو چل سکے گا مرے ساتھ دو قدم بھی نہیں
یہ کیا کہ لگتا ہے اب سب کو خالی خالی سا
مرے علاوہ کوئی چیز گھر میں کم بھی نہیں
میں تجھ سے جھک کے ملا ہوں مگر یہ دھیان رہے
بڑا نہیں ہوں مگر تجھ سے قد میں کم بھی نہیں
شناخت اس کی الگ ہے مرا وجود الگ
جدا بھی مجھ سے نہیں ہے وہ مجھ میں ضم بھی نہیں
خطا اس کی معافی سے بڑی ہے (غزل)
خطا اس کی معافی سے بڑی ہے
میں کیا کرتا سزا دینی پڑی ہے
نہیں چل پاؤں گا میں ساتھ اس کے
یہ دنیا بے سبب ضد پر اڑی ہے
ہوا نے پھاڑ دی تصویر لیکن
ابھی اک کیل سینے میں گڑی ہے
وہ مسجد گھر نہ بن جائے کسی کا
نمازیں بند ہیں خالی پڑی ہے
نکل آیا اندھیرے میں کہاں میں
مری پرچھائیں بستر پر پڑی ہے