ثاقب قمری مصباحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دھوپ چاند ستارے ہوا گھٹا بارش (غزل)
یہ دھوپ چاند ستارے ہوا گھٹا بارش
ظہور حق کی دلیلیں ہیں جابجا بارش
عجب لطیف سا منظر ہے میرے خوابوں کا
کہ تیری یاد ہے میں ہوں ذرا ذرا بارش
سیاہ فام کے دھانوں کی خشک فصلوں پر
عرق صباحت طلعت کا ہو عطا بارش
یہ کشت کیف مری جس سے لہلہا اٹھے
پتہ اس ابر گہر بار کا بتا بارش
تو ایک اوس کا قطرہ میں سربسر پیاسا
مری یہ تشنہ لبی دیکھ جا کے لا بارش
ہر ایک شے کو برابر ہو اس سے سیرابی
تو اپنے مظرف ہستی کو یوں بنا بارش
ہماری فرد خطا کے نقوش دھل جائیں
اگر وہ بھیج دے بخشش کی بے بہا بارش
یہ سوچ کر ہی میں اندر سے بھیگ جاتا ہوں
کہ لے کے ڈوب نہ جائے مکاں مرا بارش
مجھ سے جو تو ہر گام پہ یوں بول رہا ہے (غزل)
مجھ سے جو تو ہر گام پہ یوں بول رہا ہے
دراصل ترا جہل دروں بول رہا ہے
میں ہوں تری ہر بات کی تفصیل کا طالب
اور تو ہے کہ ہر بات پہ ہوں بول رہا ہے
اک فرد ہے محبوس فسوں سازیٔ وحشت
اک شخص خرد کو بھی جنوں بول رہا ہے
قاتل کو مکافات عمل مل کے رہے گی
مقتول کا ہر قطرۂ خوں بول رہا ہے
وہ اپنے گریبان میں بھی جھانک کے دیکھے
جو آج مجھے خوار و زبوں بول رہا ہے
میں مصلحتاً آج ذرا چپ جو ہوں ثاقبؔ
اک شخص یہاں حد سے فزوں بول رہا ہے