پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم ساگر کی غزلیں — Saleem Sagar Ghazals

سلیم ساگر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم جو جنت سے نکالے گئے فتنہ کرتے (غزل)

ہم جو جنت سے نکالے گئے فتنہ کرتے

حکم تیرا ہے تو لوٹ آئیں گے سجدہ کرتے

اب تجھے روز نہ سوچوں تو بدن ٹوٹتا ہے

عمر گزری ہے تری یاد کا نشہ کرتے

معرکہ عشق کی حرمت کا ہو یا بدر کا ہو

حالت جنگ میں رشتے نہیں دیکھا کرتے

ہم نہ ہوتے تو کوئی اور محبت کرتا

تو نہ ہوتا بھی تو ہم تیری تمنا کرتے

تیرے دیدار کے لمحات بہت قیمتی تھے

ہم اگر آنکھ جھپکتے تو خسارا کرتے

جانے والوں کو صدائیں نہیں دیتے ساگرؔ

اشک واپس نہیں آنکھوں میں سمایا کرتے

آئینہ مجھے یاد دلاتا ہے کہ میں ہوں (غزل)

آئینہ مجھے یاد دلاتا ہے کہ میں ہوں

ورنہ تو مجھے بھول ہی جاتا ہے کہ میں ہوں

وہ ہونے نہ ہونے کا تذبذب ہے کہ ہر شخص

بے وجہ پکارے چلا جاتا ہے کہ میں ہوں

میں نیند میں جا جا کے بھلاتا ہوں اسے اور

وہ خواب میں آ آ کے بتاتا ہے کہ میں ہوں

میں جب بھی مصیبت میں پکاروں کہ کوئی ہے

آوازہ سا افلاک سے آتا ہے کہ میں ہوں

جھگڑا تو یقیں آنے نا آنے کا ہے ساگرؔ

ورنہ مجھے خود بھی نظر آتا ہے کہ میں ہوں

مزید غزلیں از سلیم ساگر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں