سلام ساگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صلہ الفت کا پانا چاہتا ہوں (غزل)
صلہ الفت کا پانا چاہتا ہوں
ترے دل میں سمانا چاہتا ہوں
زمانے کی نگاہوں سے بچا کر
انہیں دل میں چھپانا چاہتا ہوں
میں ان کو انجمن میں ڈرتے ڈرتے
نہ جانے کیا سنانا چاہتا ہوں
نہ پوچھو گریۂ پیہم کا مطلب
لگی دل کی بجھانا چاہتا ہوں
جہاں دنیائے دل لٹتی ہے اکثر
اسی محفل میں جانا چاہتا ہوں
اگرچہ درد محبت میں کچھ کمی نہ ہوئی (غزل)
اگرچہ درد محبت میں کچھ کمی نہ ہوئی
ہزار شکر کہ بے کیف زندگی نہ ہوئی
میں اپنے آپ کو بندہ کہوں تو کیسے کہوں
جبین شوق تو شایان بندگی نہ ہوئی
سر مزار جلا بھی اگر چراغ تو کیا
تہہ مزار تو صد حیف روشنی نہ ہوئی
ہمارا کام محبت میں جان دینا تھا
نگاہ لطف کسی کی ہوئی ہوئی نہ ہوئی
غزل کے کہنے پہ احباب نے کیا مجبور
مگر سلامؔ حقیقت میں شاعری نہ ہوئی
مزید غزلیں از سلام ساگری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں