پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلام مچھلی شہری کی غزلیں — Salam Machhli Shahri Ghazals

سلام مچھلی شہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کاش تم سمجھ سکتیں زندگی میں شاعر کی ایسے دن بھی آتے ہیں (غزل)

کاش تم سمجھ سکتیں زندگی میں شاعر کی ایسے دن بھی آتے ہیں

جب اسی کے پروردہ چاند اس پہ ہنستے ہیں پھول مسکراتے ہیں

اب تو میرے شہ پارے جو تم ہی سے تھے منسوب یوں جھلک دکھاتے ہیں

دور ایک مندر میں کچھ دیے مرادوں کے جیسے جھلملاتے ہیں

تم نے کب یہ سمجھا تھا میں نے کب یہ سوچا تھا زندگی کی راہوں میں

چلتے چلتے دو راہی ایک موڑ پر آ کر خود ہی چھوٹ جاتے ہیں

کام حسن کاروں کا آنسوؤں کی ضو دے کر کچھ کنول کھلا دینا

موت حسن کاروں کی جب وہ خود شب غم میں یہ دیے بجھاتے ہیں

تیز تر ہوائیں ہیں موت کی فضائیں ہیں رات سرد و جامد ہے

احمریں ستارے بھی واقعی دوانے ہیں اب بھی مسکراتے ہیں

الوداع اے میری شاہکار نظموں کی زرنگار شہزادی

ماورائے الفت بھی کچھ نئے تقاضے ہیں جو مجھے بلاتے ہیں

اب عیادت کو مری کوئی نہیں آئے گا (غزل)

اب عیادت کو مری کوئی نہیں آئے گا

پھر ہوں بیمار کسی کو نہ یقیں آئے گا

غم مسلسل ہو تو احباب بچھڑ جاتے ہیں

اب نہ کوئی دل تنہا کے قریں آئے گا

اپنے خوابوں کے دریچوں میں جلا لو شمعیں

اور یہ سوچ لو اک ماہ جبیں آئے گا

پھر نگار چمن وادئ فردائے بہار

گل بدست مہ و انجم بہ جبیں آئے گا

ذہن تازہ کے لیے ساز حقیقت چھیڑو

چین اسے صرف تخیل سے کہیں آئے گا

صرف اپنے ہی عزائم پہ بھروسہ کر لے

کام کوئی بھی نہ اے قلب حزیں آئے گا

روز پوجا کے لئے پھول سجاتا ہے سلامؔ

جانے کب اس کا خدا سوئے زمیں آئے گا

بہت دنوں کی بات ہے (نظم)

بہت دنوں کی بات ہے

فضا کو یاد بھی نہیں

یہ بات آج کی نہیں

شباب پر بہار تھی

فضا بھی خوش گوار تھی

نہ جانے کیوں مچل پڑا

میں اپنے گھر سے چل پڑا

کسی نے مجھ کو روک کر

تری ادا سے ٹوک کر

کہا تھا لوٹ آئیے

مری قسم نہ جائیے

نہ جائیے نہ جائیے

مجھے مگر خبر نہ تھی

ماحول پر نظر نہ تھی

میں چل پڑا میں چل پڑا

میں شہر سے پھر آ گیا

خیال تھا کہ پا گیا

اسے جو مجھ سے دور تھی

مگر مری ضرور تھی

اور اک حسین شام کو

میں چل پڑا سلام کو

گلی کا رنگ دیکھ کر

نئی ترنگ دیکھ کر

مجھے بڑی خوشی ہوئی

میں کچھ اسی خوشی میں تھا

کسی نے جھانک کر کہا

پرائے گھر سے جائیے

مری قسم نہ آئیے

نہ آئیے نہ آئیے

وہی حسین شام ہے

بہار جس کا نام ہے

چلا ہوں گھر کو چھوڑ کر

نہ جانے جاؤں گا کدھر

کوئی نہیں جو ٹوک کر

کوئی نہیں جو روک کر

کہے کہ لوٹ آئیے