پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صلاح الدین محمود کی غزلیں — Salahuddin Mahmood Ghazals

صلاح الدین محمود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا چلی ننگی اجیالی (غزل)

ہوا چلی ننگی اجیالی

طائر اگتے ڈالی ڈالی

ایک ورق جیسی تنہائی

نیلی سبزک کالی کالی

میں والی ساکت ہر بن کا

مجھ میں ساکت قدموں والی

جلے جلائی سمتوں کے تن

تاروں کی بجھتی رکھوالی

آنکھوں میں نا بینا تکتی

راتوں نے بینائی پالی

اسپ سیہ اور چٹیل میداں

جلتا ایک شجر اب خالی

آوازوں سے جسم ہوا نم (غزل)

آوازوں سے جسم ہوا نم

جیسے اک نا بینا سا غم

ہونٹوں میں دریا کا قطرہ

چادر میں خوش بو جیسا خم

آئینوں کا رنگ ہمیشہ

ایسا جیسے ہونٹوں میں دم

کم ہوتی آنکھوں کے بھیتر

بینائی کے شیتل سرگم

سر اونچا اونچی تنہائی

قدموں میں بیگانہ آدم

دریا میں عریاں ہر لمحہ

باہوں کے اندر بہتا یم

نم چہرے خم ہوتے چادر

چہروں میں یکساں ہوتے سم

شب کی اک تنہا سیرت میں

لب کی ہر دستک ہوتی کم

اک دستک دستک کو سنتی

لوہو کا ساکت ہوتا خم

دو سانسوں کی گہرائی میں (نظم)

دو سانسوں کی گہرائی میں

جہاں لہو

بے حد بھیتر کے، بالکل ساکت

میدانوں میں

چاند کی ہر رنگت بہتا ہے

وہاں پلی

اک ننگی ناری

بے حد بھیتر کی رکھوالی

چاندی جیسے لہو کو اپنے

بدن میں بھی تنہا پاتی ہے،

شنوائی سے دور ہمیشہ

شنوائی کا لب ہوتا ہے

ننگی ناری

دو سانسوں کے بے حد بھیتر

سانس کے بن میں

گھبراتی ہے

چاند ہمیشہ سے بہتا ہے

سانس ہمیشہ ہی جاری ہے

رات نگاہوں کے اندر بھی

باہر بھی! اک بیداری ہے

مزید غزلیں از صلاح الدین محمود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں