سجاد سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رخ پہ حیا کا رنگ شہابی نقاب سا (غزل)
رخ پہ حیا کا رنگ شہابی نقاب سا
اظہار کے لبوں پہ لرزتا حجاب سا
چہرہ کہ جیسے ایک صحیفہ ہو نور کا
لہجہ نئی غزل کی نویلی کتاب سا
صدیوں کی فرقتوں میں مجھے قید کر گیا
وہ لمحۂ وصال کہ تھا جو سراب سا
میں تھا حصار ذات کی خاموشیوں میں گم
چھیڑا ہے آج کس نے یہ دل کا رباب سا
صدیوں کی اک طویل رفاقت کے باوجود
ہیں وہ ہی فاصلے سے وہی اجتناب سا
وہ پچھلے انقلاب ہی کیا دے گئے ہمیں
اک لاؤ انقلاب جو ہو انقلاب سا
سجادؔ اپنے ہوش و خرد کو بچائیو
ساقی بنا ہوا ہے جو خود ہے شراب سا
ستم تو کرتا ہے لیکن دعا بھی دیتا ہے (غزل)
ستم تو کرتا ہے لیکن دعا بھی دیتا ہے
مرا حریف مجھے حوصلہ بھی دیتا ہے
ہے جس کا ایک تبسم قرار جاں اپنا
اسی کا طرز تغافل رلا بھی دیتا ہے
بجا کہ ہجر کا عالم عذاب ہے یارو
مگر یہ عرصۂ فرقت مزا بھی دیتا ہے
ہے دل نواز غضب کا مگر یہ شعلۂ عشق
کبھی شگوفۂ دل کو جلا بھی دیتا ہے
کبھی ہے موت میں پنہاں نجات کا پہلو
کبھی وہ زیست کی صورت سزا بھی دیتا ہے