پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجاد شمسی کی غزلیں — Sajjad Shamsi Ghazals

سجاد شمسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزرا ہے ناگوار انہیں بے کسی کا شور (غزل)

گزرا ہے ناگوار انہیں بے کسی کا شور

کانوں میں جن کے گونج رہا ہے خوشی کا شور

سنتا نہیں لحد میں مجھے خامشی کا شور

تحت الشعور میں ہے ابھی زندگی کا شور

مر مر کے میں نے اپنے فریضے کئے ادا

ہے میرے دم سے آج تری برتری کا شور

زنجیر پا سے لاج غلامی کی رہ گئی

ہر گام پر اٹھا ہے مری بندگی کا شور

ہیں قہقہے کسی کے کسی کی ہیں سسکیاں

شامل رہا خوشی میں کسی بے بسی کا شور

مانا ہر انجمن کا ترانہ ہے دل نواز

شمسیؔ ہمیں عزیز ہے اپنی گلی کا شور

دعاؤں میں اثر باقی نہ آہوں میں اثر باقی (غزل)

دعاؤں میں اثر باقی نہ آہوں میں اثر باقی

ہے کچھ لے دے کے گر باقی تو ہے اک چشم تر باقی

یہ کیسا حادثہ گزرا یہ کیسا سانحہ بیتا

نہ آنگن ہے نہ چھت باقی نہ ہیں دیوار و در باقی

چمن والوں کی بد ذوقی پہ کلیاں جان کھوتی ہیں

نہ ہیں اہل نظر باقی نہ کوئی دیدہ ور باقی

پتا کیا پوچھتے ہیں آپ ہم صحرا نوردوں سے

نہ اپنا شہر ہے باقی محلہ ہے نہ گھر باقی

فضائیں چپ ہوائیں چپ صدائیں چپ ندائیں چپ

نوائے نیم شب باقی نہ ہے بانگ سحر باقی

خدا جانے نظام مے کدہ کو کیا ہوا شمسیؔ

نہ وہ حسن عطا باقی نہ وہ لطف نظر باقی

مزید غزلیں از سجاد شمسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں