پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صائمہ زیدی کی غزلیں — Saima Zaidi Ghazals

صائمہ زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تری ہنسی میں رنگ بھر رہی تھی میں (غزل)

تری ہنسی میں رنگ بھر رہی تھی میں

کہ چاندنی کو پینٹ کر رہی تھی میں

بدن کی لو میں دشت شب عبور کر

وہ کہہ رہا تھا اور کر رہی تھی میں

پھر اس کے بعد سے یہ دل ہے داغ داغ

بس ایک رات چاند پر رہی تھی میں

ترے جمال سے ادھر خلا نہ تھا

ترے جمال سے ادھر رہی تھی میں

مرے طواف میں تھی ساری کائنات

کہ جب ترا طواف کر رہی تھی میں

مجھے تراشتا تھا رات دن کوئی

کسی کے واسطے سنور رہی تھی میں

تری طلب نشہ تھا ایک عمر کا

اتر رہا تھا جب تو مر رہی تھی میں

ترا فراق جیسے عطر وصل تھا

اور اس کے نم میں تربتر رہی تھی میں

عجیب مرحلہ تھا کشف ذات کا

میں روشنی تھی اور بکھر رہی تھی میں

کہاں کہاں سے سمیٹوں شکستہ خوابوں کو (غزل)

کہاں کہاں سے سمیٹوں شکستہ خوابوں کو

کہ ضبط غم کا سلیقہ نہیں ہے آنکھوں کو

عجب بہار خزاں ہے چمن میں اب کی بار

ہوا اڑاتی پھری میرے خشک پتوں کو

سفر ابھی تو ذرا سا کیا ہے تیرے بغیر

ابھی تو رونا بہت ہے اداس آنکھوں کو

ابھی تو عمر کا یہ دشت پار کرنا ہے

چراغ کرنا ہے کچھ بے چراغ راتوں کو

وہ راستہ بھی عجب تھا وہ ہم سفر بھی کمال

جو مجھ کو سونپ گیا سر پھری ہواؤں کو

کہ جن کو کاٹ دیں خود موجۂ بہار کے ہات

سجائے کون پھر ایسی بریدہ شاخوں کو

چمکتی جاتی ہیں اور بھیگتی بھی جاتی ہیں

ہنر یہ کس نے سکھایا ہے میری پلکوں کو

میں بھول جاتی ہوں ہر صبح تیرا نام مگر

میں یاد کرتی ہوں ہر رات تیری باتوں کو

نواح جاں میں ایک شب (نظم)

نواح جاں میں ایک شب

وہ عجب خواب کی ساعت تھی

عجب رنگ کی رات

چاند نے جب سخن آغاز کیا تھا ہم سے

تیری مانوس سی خوشبو سے ہوا تھی لبریز

لمس اول کی سنہری تحریر

تیرے اور میرے سبک ماتھے پر

جب بشارت کی طرح لکھی گئی

اک اسی شب کے لیے

پاٹ کر وقت کے دریا کو

بڑی دور سے آئی تھی میں

آیت ہجر ہوئی تھی منسوخ

ہم نے اک عمر کسی دور کے سیارے پر

سورۂ عشق تلاوت کی تھی

تو بھی آیا تھا پہن کر نئی پوشاک بدن

دل کی زیبائی پہ کچھ میں نے بھی محنت کی تھی

باغ میں ہنستے ہوئے زرد چراغ

شاخ پر کھلتے ہوئے سرخ گلاب

چشم حیراں میں دمکتے ہوئے خواب

سب پذیرائی کو بیتاب ہوئے جاتے تھے

راستے قرب کی حدت سے گھلے جاتے تھے

جسم پر وصل ابد تاب کی شیریں دستک

روح کا نقرئی در کھولتی تھی

تیری آواز بہت پاس آ کر

میرا سامان سفر کھولتی تھی

جنبش چشم پہ تیری وہ دھڑکنا دل کا

ایک موہوم اشارے پہ سنبھلنا دل کا

یاد کی جھیل میں ہر آن اترتی ہوئی رات

دل سے گزری ہی نہیں پھر وہ پگھلتی ہوئی رات

ہونٹ جب ناؤ بنے اور کنارہ سا بدن

شب تری یاد میں لرزاں تھا ستارہ سا بدن

مزید غزلیں از صائمہ زیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں