پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحر سیالکوٹی کی غزلیں — Sahir Sialkoti Ghazals

ساحر سیالکوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہلے تو ذکر گردش آیام آ گیا (غزل)

پہلے تو ذکر گردش آیام آ گیا

پھر دوستوں کے لب پہ مرا نام آ گیا

سورج کہاں سے آج سر شام آ گیا

کہہ کر یہ بات کوئی لب بام آ گیا

ہوگی کسی کو عیش جوانی کی کچھ خبر

اپنے تو سر پہ مفت کا الزام آ گیا

کرنا پڑے گا وعدۂ فردا وفا تمہیں

ضد پر اگر مرا دل ناکام آ گیا

شکر حصول دانہ کرے بھی تو کیا کرے

وہ طائر حزیں جو تہ دام آ گیا

پہنچا تھا ان کی بزم میں دل تو بصد امید

کیا جانے کس خیال سے ناکام آ گیا

سن کر جناب شیخ سے توبہ کے فائدے

ہر رند کو خیال مئے و جام آ گیا

کرنی تو تھی شکایت درد جگر مجھے

بے اختیار لب پہ ترا نام آ گیا

اے مرغ دل بتا تو سہی اس کا کیا علاج

دانے سے پیشتر ہی اگر دام آ گیا

برباد کر گئی تری پہلی نظر مجھے

آغاز ہی میں سامنے انجام آ گیا

ساحرؔ جو ذکر شعر و سخن چھڑ گیا کہیں

ہر شخص کی زباں پہ ترا نام آ گیا

مجھے ساقی نے سمجھایا اشاروں ہی اشاروں میں (غزل)

مجھے ساقی نے سمجھایا اشاروں ہی اشاروں میں

مرے حصے کی بانٹی جائے گی پرہیز گاروں میں

جہاں تھے حسن و عشق و عقل و وحشت دل بھی جا پہنچا

خدا کے فضل سے اب وہ بھی ہے پانچوں سواروں میں

مری بے اختیاری میں بھی ربط و ضبط قائم ہے

امڈ آتے ہیں جو آنسو تو بہتے ہیں قطاروں میں

دل کم ظرف نے ہم کو کہیں کا بھی نہیں چھوڑا

رہے تھے چار دن حضرت ہمارے راز داروں میں

فریب وعدۂ فردا کا پردہ ہی رہے یارب

چھڑی ہے بحث اس موضوع پر امیدواروں میں

کبھی گھر بیٹھے بیٹھے چھپ چھپا کر پی بھی لیتا ہوں

مگر میرا شمار اب تک بھی ہے پرہیزگاروں میں

تمہارے فیض سے یہ بھی شرف حاصل ہوا مجھ کو

مری دیوانگی کے تذکرے ہیں ہوشیاروں میں

بہار آتے ہی جب رندوں نے اپنے جام کھنکائے

ہراساں ہو کے توبہ جا چھپی پرہیز گاروں میں

خدا شاہد ہے ساحرؔ ان کی عظمت اور بڑھ جاتی

اگر وہ بیٹھتے آ کر کبھی ہم خاکساروں میں

مزید غزلیں از ساحر سیالکوٹی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں