پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحر دہلوی کی غزلیں — Sahir Dehlavi Ghazals

ساحر دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کی تسکین کو کافی ہے پریشاں ہونا (غزل)

دل کی تسکین کو کافی ہے پریشاں ہونا

ہے توکل بخدا بے سر و ساماں ہونا

یوں تو ہر دین میں ہے صاحب ایماں ہونا

ہم کو اک بت نے سکھایا ہے مسلماں ہونا

اے پری رو ترے دیوانے کا ایماں کیا ہے

اک نگاہ غلط انداز پہ قرباں ہونا

کور ہے چشم جسے دعویٔ بینائی ہے

شرط اول ہے جہاں دیدۂ حیراں ہونا

ہم سے رندان بلا نوش کا ہے شُرب مدام

درد آشام مے کلفت ہجراں ہونا

وقف تسلیم و رضا چاہئے دل عاشق کا

ساحرؔ آسان نہیں بندۂ جاناں ہونا

سر عرش بریں ہے زیر پائے‌ پیر میخانہ (غزل)

سر عرش بریں ہے زیر پائے‌ پیر میخانہ

کمال اوج پر ہے حسن عالمگیر مے خانہ

فروغ بادہ سے روشن ہوئی تقدیر مے‌ خانہ

کہ ہے ہر بادہ کش روشن چراغ پیر مے‌ خانہ

میں دیوانہ ہوں اور دیر و حرم سے مجھ کو وحشت ہے

پڑی رہنے دو میرے پاؤں میں زنجیر مے خانہ

تصور دل میں رہتا ہے کسی کی چشم مے گوں کا

کھینچی رہتی ہے آنکھوں میں مرے تصویر مے خانہ

زیارت کو چلے ہیں شیخ و زاہد فی امان اللہ

خدا کی شان ہے کچھ پھر گئی تقدیر مے خانہ

پری شیشے میں اور ساغر میں ہے خورشید‌ نورنگیں

وہ ہے تسخیر مے خانہ یہ ہے تنویر مے خانہ

جو پہنچا مے کدہ میں چھوڑ کر دیر و حرم ساحرؔ

جھکا سر ذوق مستی میں زہے تاثیر مے خانہ

مزید غزلیں از ساحر دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں