پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صغیر احمد صغیر کی غزلیں — Sagheer Ahmad Sagheer Ghazals

صغیر احمد صغیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام شہر کو جو سچ ہے وہ بتاؤں گا (غزل)

تمام شہر کو جو سچ ہے وہ بتاؤں گا

پھر اس کی جتنی بھی قیمت ہوئی چکاؤں گا

میں ہجر والوں کا اک قافلہ بناؤں گا

تمہارے بعد بھی جی کر تمہیں دکھاؤں گا

جنہوں نے مل کے مرے ہاتھ کاٹ ڈالے ہیں

انہیں یہ ڈر تھا کہ میں آئنہ بناؤں گا

یہ پہلا عشق بھلانا کٹھن تو ہے لیکن

کبھی تو آنا تجھے میں دعا سکھاؤں گا

تمہاری جیت کو بس دیکھنے کی خواہش ہے

سو حق پہ ہو کے بھی آخر میں ہار جاؤں گا

اس ایک بات میں کتنی بڑی اذیت تھی

جب اس نے اتنا کہا سوچ کر بتاؤں گا

اسی سبب سے میں لوگوں سے اب نہیں ملتا

صغیرؔ اس نے کہا تھا گلے لگاؤں گا

جو سمجھتے تھے مر گیا ہوں میں (غزل)

جو سمجھتے تھے مر گیا ہوں میں

دیکھ لیں سب ہرا بھرا ہوں میں

اپنے ڈر میں ہی مبتلا ہو کر

اپنے اندر چھپا ہوا ہوں میں

سن رہے ہیں سبھی توجہ سے

تیری باتیں جو کر رہا ہوں میں

اے حسیں شخص اب تری مرضی

تیری آنکھوں پہ مر چکا ہوں میں

میں بس اک کام سے ملا تھا اسے

وہ سمجھتی ہے مبتلا ہوں میں

اپنا نقصان کرنے والا ہوں

آج کل خود سے ہی خفا ہوں میں

مجھ کو مصروفیت ہے دفتر کی

وہ سمجھتا ہے بے وفا ہوں میں

میں وہی ہوں وہی صغیرؔ احمد

تیرے دل میں کبھی رہا ہوں میں

مزید غزلیں از صغیر احمد صغیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں