پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفدر مرزا پوری کی غزلیں — Safdar Mirzapuri Ghazals

صفدر مرزا پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کلیجہ منہ کو آتا ہے کریں تم سے بیاں کیونکر (غزل)

کلیجہ منہ کو آتا ہے کریں تم سے بیاں کیونکر

نہ پوچھو ہم صفیرو ہم سے چھوٹا آشیاں کیونکر

ذرا دیکھیں بدل جاتا ہے دور آسماں کیونکر

کسی کے حال پر ہوتا ہے کوئی مہرباں کیونکر

ہمیں تو غم سے اتنی بھی نہیں فرصت کہ یہ سوچیں

محبت میں ہوا کرتا ہے کوئی شادماں کیونکر

کسی پر عمر بھر کی کس طرح مشق ستم تم نے

ذرا سوچو تو دل میں اور لو گے امتحاں کیونکر

چمن میں ایک مدت ہم نے مشق گل فشانی کی

قفس تک آتے آتے آ گئی طرز فغاں کیونکر

جو حالت دل کی ہے وہ رنگ رخ اڑ اڑ کے کہتا ہے

چھپائیں ہم اسے بھی صورت درد نہاں کیونکر

کلیجے کی طرح جس کو جگہ دی ہم نے سینے میں

وہی دل بن گیا ہے آج ان کا ہم زباں کیونکر

کسی دن آ کے آنکھوں سے ذرا تم دیکھ تو لیتے

کیا کرتا ہے کوئی ہجر میں آہ و فغاں کیونکر

پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہے (غزل)

پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہے

آج مجھ پر یہ عنایت کیا ہے

کیا کہوں رنگ طبیعت کیا ہے

ایک آفت ہے محبت کیا ہے

ذبح کرتے ہو جو منہ پھیر کے تم

ایسی بھی میری مروت کیا ہے

جس میں تم خوش اسی میں میں خوش ہوں

رنج کیا چیز ہے راحت کیا ہے

بولتی ہی نہیں تصویر تری

پھر مرے جینے کی صورت کیا ہے

کسی آوارہ وطن سے پوچھو

مہرباں واریٔ غربت کیا ہے

ذبح کے وقت رکا بھی خنجر

یہ نہ پوچھا تری حسرت کیا ہے

عمر گزری اسی کے کوچے میں

ہم سے پوچھو کہ محبت کیا ہے

مے ہو سبزہ ہو گھٹا ہو تم ہو

اس سے اچھی مجھے جنت کیا ہے

غیر سے وعدہ لحد پر میری

یہ قیامت سر تربت کیا ہے

یہ تو ہے عین محبت اے دل

ان کے شکوے کی شکایت کیا ہے

شیخ جی روزہ تو دن میں ہوگا

شب کو پینے میں قباحت کیا ہے

مجھ سے کہتی ہے یہ وحشت میری

گھر میں رہنے کی ضرورت کیا ہے

بھول کر بھی نہ کبھی یہ پوچھا

حال بیمار محبت کیا ہے

ہم نے خود پینے سے توبہ کر لی

شیخ صاحب کی کرامت کیا ہے

سجدے کرتا ہوں در جاناں پر

اور آئین محبت کیا ہے

ذکر مے اور جناب واعظ

نہیں معلوم کہ نیت کیا ہے

ایک ٹھوکر سے اٹھی ہے سو بار

آپ کے آگے قیامت کیا ہے

جان ہی لے کے ٹلے گی صفدرؔ

اک بلا ہے شب فرقت کیا ہے

مزید غزلیں از صفدر مرزا پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں