پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفدر میر کی غزلیں — Safdar Meer Ghazals

صفدر میر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہار آئی ہے پھر پیرہن گلابی ہو (غزل)

بہار آئی ہے پھر پیرہن گلابی ہو

وہ چاند آئے سر انجمن گلابی ہو

سیاہ رات سی چھائی وہ زلف چہرے پر

جبین ناز گلابی بدن گلابی ہو

کھلیں جو بند قبا رات جگمگا اٹھے

مہکتی سیج شکن در شکن گلابی ہو

ہوا کی لرزشیں دہکاتیں عارض و لب کو

حیا کی موج سے سارا بدن گلابی ہو

وہ ہونٹ چپ ہوں تو آنکھوں میں پھول سے جھمکیں

ہلیں تو ساری فضائے سخن گلابی ہو

گلال اس طرح برسائے کوئی چار طرف

چمن گلابی ہوائے چمن گلابی ہو

سیاہیٔ شب ہجراں سیاہ تر نہ کرو

جو ہو تو چاند کا میرے گہن گلابی ہو

وطن سے دور بہاروں کو کھوجنے والے

جو ان دنوں میں زمین وطن گلابی ہو

پھر کوئی آ رہا ہے دل کے قریب (غزل)

پھر کوئی آ رہا ہے دل کے قریب

داغ تازہ کھلا ہے دل کے قریب

پھر کوئی یاد سایہ افگن ہے

دھندلی دھندلی فضا ہے دل کے قریب

پھر کوئی تازہ واردات ہوئی

جمگھٹا سا لگا ہے دل کے قریب

آج بھی چین سے نہ سوئیے گا

پھر کہیں رت جگا ہے دل کے قریب

کل کھلے تھے یہاں نشاط کے پھول

اب دھواں اٹھ رہا ہے دل کے قریب

مزید غزلیں از صفدر میر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں