صفدر امام قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمارے مشترک احساس کا منظر بھلاوا ہے (غزل)
ہمارے مشترک احساس کا منظر بھلاوا ہے
یزیدی گردنوں پر خاک اور خنجر بھلاوا ہے
پرندے گھونسلوں سے دور اب آکاش میں جائیں
زمیں کی مامتا کیا ہے مقدر گر بھلاوا ہے
ہم اب کے خشک سالی پر قناعت کر نہیں سکتے
لہو کی فصل سے دھرتی ہوئی بنجر بھلاوا ہے
ہماری آنکھ میں ہر روز اک امید لہرائے
ہماری مٹھیوں میں خواب ہو بہتر بھلاوا ہے
سڑک کے حادثے میں ہم بھی اک دن ڈھیر ہو جائیں
یہ غزلیں شعر اور دفتر میاں صفدرؔ بھلاوا ہے
لہو لہو مرے کردار کے سلیقے ہیں (غزل)
لہو لہو مرے کردار کے سلیقے ہیں
ورق ورق اسی بن باس کے حوالے ہیں
روایتوں کی نئے مرحلوں کی بات نہیں
ہمیں تو دیکھنا ہے کس میں کتنے ہیرے ہیں
رئیس شہر کی آنکھوں میں یہ اداسی کیوں
ابھی تو جسم کے سارے نشان نیلے ہیں
ہماری بانجھ کہانی کا وقت ختم ہوا
زمیں کی کوکھ میں احساس کے جزیرے ہیں
اداس اداس فسانہ سہی مگر سوچو
نئی حیات کی خاطر بہت سے حیلے ہیں