صفدر ہمدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تبدیلیاں ہیں عمر کے جانے کے ساتھ ساتھ (غزل)
تبدیلیاں ہیں عمر کے جانے کے ساتھ ساتھ
ناراضگی بڑھی ہے منانے کے ساتھ ساتھ
نفرت منافقت سے رہی مجھ کو عمر بھر
میں چل سکا نہیں ہوں زمانے کے ساتھ ساتھ
میری مصیبتیں بھی گوارا نہیں اسے
مجھ کو رلا رہا ہے ہنسانے کے ساتھ ساتھ
دل میں سلگ رہی ہیں دعاؤں کی مشعلیں
لب ہل رہے ہیں ہاتھ اٹھانے کے ساتھ ساتھ
اس کی ہر ایک بات تو یکسر نہیں غلط
ہیں کچھ حقیقتیں بھی بہانے کے ساتھ ساتھ
میں آشنا ہوں اس کے مزاج و خیال سے
یاد آؤں گا اسے میں بھلانے کے ساتھ ساتھ
صفدرؔ عجیب لگتی ہے بستی بسی ہوئی
آتش فشاں کے سرخ دہانے کے ساتھ ساتھ
تو ساتھ ہو تو لگتا ہے محشر ہے ساتھ ساتھ (غزل)
تو ساتھ ہو تو لگتا ہے محشر ہے ساتھ ساتھ
تیرا وجود جیسے سمندر ہے ساتھ ساتھ
تقسیم کیجئے نہ مذاہب میں فرد کو
مسجد کے ساتھ دیکھیے مندر ہے ساتھ ساتھ
مرکز تو پہلے روز سے ہی میرے ساتھ تھا
اس عشق کے وجود کا محور ہے ساتھ ساتھ
تنہائی میں بھی سچ کہوں تنہا نہیں رہا
اس شاعری کے صدقے میں شاعر ہے ساتھ ساتھ
میرا یقین قد سے مرے ہے بلند تر
گہرے سمندروں میں مقدر ہے ساتھ ساتھ
حد نگاہ تک مری قبروں کا شہر ہے
ہر اک قدم پہ میرے مجاور ہے ساتھ ساتھ
یہ سلسلہ ہے سارے کا سارا یزید کا
نسل یزید آج بھی صفدرؔ ہے ساتھ ساتھ