پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سفر نقوی کی غزلیں — Safar Naqvi Ghazals

سفر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ کو یہ ضد ہے کہ ہم اس کو یہیں دیکھیں گے (غزل)

کچھ کو یہ ضد ہے کہ ہم اس کو یہیں دیکھیں گے

کچھ یہ کہتے ہیں چلو چھوڑو وہیں دیکھیں گے

قسطوں قسطوں میں نہاریں گے سراپا تیرا

ایک ہی بار میں ہم پورا نہیں دیکھیں گے

اب کے پایا ہے تمہیں پچھلے برس سے بھی حسیں

یعنی ہم اگلے برس اور حسیں دیکھیں گے

کبھی برچھی کی انی لاش جواں گرتا علم

ہم جری ہیں تو یہ منظر بھی ہمیں دیکھیں گے

ہم سے طے ہوگا زمانے میں بلندی کا وقار

نوک نیزہ سے بھی ہم نیچے نہیں دیکھیں گے

کب تلک تو بھی ہمیں گریہ کناں دیکھے گا

کب تلک ہم بھی تجھے تخت نشیں دیکھیں گے

بھیج دے اب تو اسے جس کا کیا ہے وعدہ

یا ابھی اور ستم اہل زمیں دیکھیں گے

بڑھے گا دن نہ چلے گی ہوا ہمارے بعد (غزل)

بڑھے گا دن نہ چلے گی ہوا ہمارے بعد

سمیٹ لے گا یہ دنیا خدا ہمارے بعد

ہمارا صدقہ اتارو اے برچھیو بھالو

کہ کون رکھے گا ذوق قضا ہمارے بعد

ہمیں ہیں سنگ حفاظت بقائے شیشہ گری

کہ ٹوٹ جائے گا ہر آئنہ ہمارے بعد

ہم ایسے جائیں گے لے کر بلائیں دنیا کی

کہیں نہ ہوگا کوئی حادثہ ہمارے بعد

دیوں کو جاؤ خبردار کر کے آ جاؤ

کہ سرکشی پہ تلے گی ہوا ہمارے بعد

مسافران مصیبت یہ کہتے جاتے ہیں

لٹے نہ ایسے کوئی قافلہ ہمارے بعد

جہاں پہ بچھڑے تھے ہم تم وہ ہو گیا دلدل

کہ اتنا رویا وہ اک راستہ ہمارے بعد

ہمیں بھی کوئی خموشی نہیں پکارے گی

تمہیں بھی کوئی نہ دے گا صدا ہمارے بعد

مقام پہلو ترا مسندوں سے اعلیٰ ہے

کسی کو دینا نہ یہ مرتبہ ہمارے بعد

کہ جاتے جاتے ہمیں اتنا تو بتا جاؤ

کہ اگلی کیا ہے تمہاری دعا ہمارے بعد

کل دکھی تھی وہ مجھ کو (نظم)

کل دکھی تھی وہ مجھ کو

غازیوں کے مجمع میں

باغیوں کے حلقے میں

حق کے پیروکاروں میں

انقلابی نعروں میں

لشکر شجاعت میں

کاروان ہمت میں

اس کی جس کلائی میں

میرے نام کا کنگن

کروٹیں بدلتا تھا

آج اس کلائی پر

اک سفید پٹی تھی

جس پہ خون کے چھینٹے

غالباً بتاتے تھے

گویا اس نے کل شب ہی

چوڑیوں کو توڑا ہو

اس کی چوڑی پیشانی

جس پہ زخم کا گہرا

اک نشان ابھرا تھا

ظلم اور ستم کی جو

داستاں سناتا تھا

اس کی سرمئی آنکھیں

بارہا جنہیں میں نے

جھیل سے ملایا تھا

ان میں خوں ابلتا تھا

غیظ اور غضب میں وہ

انتقام کے شعلے

برہمی کے انگارے

آتشی دہکتے تھے

اس کے پنکھڑی سے لب

اژدہے کی صورت میں

ظلم کے سپولوں کو

غرق کرنے والے تھے

اس کی وہ سیہ زلفیں

ظلم کے مکانوں میں

رات لانے والی تھیں

وہ نشان حق تھامے

کاروان حق لے کر

جو قدم بڑھاتی تھی

اس کے نقش پا یارو

ریت پر سنہری سی

کہکشاں بناتے تھے

میں ذرا رکا ٹھہرا

دو قدم چلا اور پھر

اس کے نقش پا چومے

چوم کر چلا آیا

مزید غزلیں از سفر نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں