پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید اللہ خاں افق کی غزلیں — Saeedullah Khan Ufuq Ghazals

سعید اللہ خاں افق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق ہے نام مرا حسن کا شیدائی ہوں (غزل)

عشق ہے نام مرا حسن کا شیدائی ہوں

بات یہ اور کہ محروم پذیرائی ہوں

قافلے غم کے جہاں رکتے ہیں دم لینے کو

میں وہی سایۂ دیوار شکیبائی ہوں

کچھ اس انداز سے اٹھتی رہی حاسد کی نظر

جیسے میں ہی سبب انجمن آرائی ہوں

نکتہ چیں میرے مرے خوں کی سفیدی پہ نہ جا

میں نئے دور کے بھائی کا سگا بھائی ہوں

مصرعۂ تر کے کبھی پاؤں پھسل جاتے ہیں

جیسے میں راہ تخیل پہ جمی کائی ہوں

گن لئے اڑتے ہوئے طائر لاہوت کے پر

کون کہتا ہے کہ گم کردۂ بینائی ہوں

کم نظر ہیں وہ جو کمزور سمجھتے ہیں مجھے

ایٹمی دور کی طاقت ہوں توانائی ہوں

دل دہل جاتے ہیں فولاد سی چٹانوں کے

شور تنہائی ہوں آوازۂ برنائی ہوں

یہ مرا اپنا طریقہ ہے خود آگاہی کا

خود تماشا ہوں افقؔ خود ہی تماشائی ہوں

تمام رعنائیاں سمیٹے نظر نظر میں سمائے جانا (غزل)

تمام رعنائیاں سمیٹے نظر نظر میں سمائے جانا

یہ ان کے جلوؤں کا معجزہ ہے ہر ایک منظر میں پائے جانا

ہواؤں کا کام اور کیا ہے بجھائے جانا بجھائے جانا

یہی مرا فرض منصبی ہے چراغ پیہم جلائے جانا

اصول راہ وفا یہی ہے یہی تقاضا ہے رہروی کا

روش روش غم اٹھائے جانا قدم قدم مسکرائے جانا

ملے نہ جب تک کوئی اشارہ قدم ہی اٹھتا نہیں ہمارا

ضمیر کرتا نہیں گوارا کسی کے گھر بن بلائے جانا

یہی محبت کی ابتدا تھی یہی محبت کی انتہا تھی

وہ ان کی باتیں بنائے جانا ہمارا باتوں میں آئے جانا

نگاہ صد التفات سمجھوں کہ مضحکہ خیز بات سمجھوں

وہ لوح دل پر افقؔ براری کا نام لکھ کر مٹائے جانا

مزید غزلیں از سعید اللہ خاں افق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں