پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید الظفر چغتائی کی غزلیں — Saeed Ul Zafar Chughtai Ghazals

سعید الظفر چغتائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صحرا میں ذرہ قطرہ سمندر میں جا ملا (غزل)

صحرا میں ذرہ قطرہ سمندر میں جا ملا

میں خاک میں ملا تو ملا تجھ کو کیا ملا

تعمیر دوزخوں میں ہو شداد کی بہشت

جنت کو چھوڑ آئے تو غم دوسرا ملا

یہ تو نہیں کہ خواب میں دنیا بدل گئی

بیدار جب ہوئے تو تصور نیا ملا

کیا کم ہیں اب بھی شہر میں بے‌ مغز و بے لباس

سودا تھا ایک سر میں وہ تن سے جدا ملا

بیچارگی و خواری و درماندگی کے بیچ

مہتاب ہنس رہا تھا گلے ہم سے آ ملا

اک جست میں تو کوئی نہ پہنچا کمال تک

اک عمر سر کھپا کے ہی جو کچھ ملا ملا

ڈوبتے جاتے تھے تارے بادباں روشن ہوا (غزل)

ڈوبتے جاتے تھے تارے بادباں روشن ہوا

پو پھٹی خورشید ابھرا آسماں روشن ہوا

رات کہتی تھی دیوں کی ٹمٹماہٹ کب تلک

تیرگی سوئی ضمیر کن فکاں روشن ہوا

بے کسی کے درد نے لو دی جل اٹھا اک چراغ

رفتہ رفتہ اس سے پھر سارا جہاں روشن ہوا

جب سہارا آخری ٹوٹا تو ہمت جاگ اٹھی

بجھ گئے شمس و قمر اپنا مکاں روشن ہوا

بیسیوں جھوٹے خدا تھے ایک ہارون الرشید

آندھیاں اٹھیں چراغ پاسباں روشن ہوا

راکھ میں اب تک سلگتی ہیں دبی چنگاریاں

باغ سارا جل بجھا لیکن کہاں روشن ہوا

چڑھ رہی تھی فتنۂ امروز کی دیبی پہ بھینٹ

شاہد فردا کا چہرہ ناگہاں روشن ہوا

اے خدا پھر سے ہمیں جہل کی دولت دے دے (نظم)

اے خدا پھر سے ہمیں جہل کی دولت دے دے

تو نے کیوں علم دیا اور جہالت چھینی

تو نے کیوں جنت حمقا سے نکالا ہم کو

ذہن کو کس لیے ہونے دیا بالغ تو نے

آستینوں میں مرے پل کے سپنولے کی طرح

ڈس لیے جس نے مرے سارے ہی اوہام کہن

آنکھیں چہرے پہ کبھی کو ہیں ملیں

کان بھی

ہاتھ بھی

پاؤں بھی پائے سب نے

دیکھتے سب ہیں

ہر اک بات کو سب جانتے ہیں

اور پامال کیا کرتے ہیں سارے رستے

پھر یہ کیا بات ہے

میں گزرا جو ان راہوں سے

اپنی آنکھوں سے مناظر وہی دیکھے میں نے

جو سبھی دیکھ رہے تھے

جو سبھی نے دیکھے

بے حسی اور سکوں سے

کیوں مرے کان بجے

کیوں مری فکر کو مہمیز ہوئی

اور جاگ اٹھا خیالات میں محشر کا ہجوم

مزید غزلیں از سعید الظفر چغتائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں