سعید شارق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عجب موجودگی ہے جو کمی پر مشتمل ہے (غزل)
عجب موجودگی ہے جو کمی پر مشتمل ہے
کسی کا شور میری خامشی پر مشتمل ہے
اندھیری صبح ویراں رات یا شام فسردہ
مرا ہر لمحہ ان میں سے کسی پر مشتمل ہے
نہیں مل پاتی کوئی بھی ہنسی میری ہنسی میں
یہ واحد رنج ہے جو رنج ہی پر مشتمل ہے
چمک اٹھتا ہے اک بھولا ہوا چہرہ اچانک
نہ جانے تیرگی کس روشنی پر مشتمل ہے
سراب خواب دیکھوں یا اڑاؤں خاک اپنی
یہ صحرا اک مکاں اور اک گلی پر مشتمل ہے
ورق کھلتے ہی کتنی تتلیاں اڑتی ہیں شارقؔ
اگرچہ باغ اک سوکھی کلی پر مشتمل ہے
دیکھ پائے تو کرے کوئی پذیرائی بھی (غزل)
دیکھ پائے تو کرے کوئی پذیرائی بھی
میں تماشا بھی ہوں اور اس کا تماشائی بھی
کون سمجھے مری آبادی و ویرانی کو
جھیل کی سطح پہ کشتی بھی ہے اور کائی بھی
قفس وصل میں سب شور ہمارا تو نہیں
پھڑپھڑاتا ہے بہت طائر تنہائی بھی
اب اداسی کسی دیرینہ نشے کے مانند
میری کمزوری بھی ہے اور توانائی بھی
کتنی لہریں تھیں جو مشترکہ تھیں ہم دونوں میں
سو ترے ساتھ ہوئی کم مری گہرائی بھی
اب میں کانوں پہ رکھوں ہاتھ کہ آنکھوں پہ رکھوں
شور اتنا ہے کہ لے جائے گا بینائی بھی
بانسری کی وہی آواز سناتے ہیں مجھے
ڈھول بھی پیانو بھی سارنگی بھی شہنائی بھی
میں نے تحفے میں نئے رنج کی چادر شارقؔ
صرف لائی ہی نہیں خود اسے پہنائی بھی