پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعدیہ روشن صدیقی کی غزلیں — Sadiya Roshan Siddiqui Ghazals

سعدیہ روشن صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگرچہ آج بھی زندہ ہیں لیکن کل میں رہنا ہے (غزل)

اگرچہ آج بھی زندہ ہیں لیکن کل میں رہنا ہے

مسلسل ارتقا کے دستۂ اول میں رہنا ہے

ابھی ہم سانس لینے کے بہانے سانس روکیں گے

کشاکش اور کشش کے آہنی چنگل میں رہنا ہے

یہ دل ہے کہ گل نازک عجب ہے اس کا مستقبل

اسے انگار بن کے درد کی منقل میں رہنا ہے

ہوئی تھی برف باری تو وہاں کوہ گراں ہم تھے

اسی باعث تو اب سلگے ہوئے جنگل میں رہنا ہے

ہوا میں خواہش پرداز نے بھی پر نکالے ہیں

زمین رزق ہے مجھ کو اسی دلدل میں رہنا ہے

شکایت کا محل کیا ہے مقام رحم ہے یہ تو

مرے قاتل کو آئندہ اسی مقتل میں رہنا ہے

تمہاری یاد کا ساون برستا ہے برسنے دو

کہ ڈوبوں یا تروں مجھ کو اسی جل تھل میں رہنا ہے

عبارت میں مقام و مرتبہ تو بعد کی شے ہے

ابھی قرطاس پر موہوم سے جدول میں رہنا ہے

ہمیشہ سعدیہؔ کو موسموں کا ساتھ دینا ہے

کبھی کھدر پہننا ہے کبھی مخمل میں رہنا ہے

کیوں بھٹکتی صحرا میں گھر بھی اک خرابہ تھا (غزل)

کیوں بھٹکتی صحرا میں گھر بھی اک خرابہ تھا

بے نشاں اداسی کا بے اماں احاطہ تھا

جب کبھی نظر آیا خواب میں نظر آیا

وہ جہاں پہ رہتا تھا کون سا علاقہ تھا

داخلی کشاکش سے با خبر تو ہو جاتا

ذہن سوچتا کیا تھا دل کا کیا تقاضہ تھا

اس نے حال جب پوچھا میں بھی مسکرا اٹھی

اک وہی تو لمحہ تھا جب مجھے افاقہ تھا

اس کی چشم کم کم سے زخم دل نے جو پایا

گلستاں کے پھولوں میں اک نیا اضافہ تھا

ان کہی کہانی سے ان ادھوری سانسوں تک

بس یہ نیم جانی ہی میرا کل اثاثہ تھا

میری جان جیسی تھی اور جس جگہ پر تھی

ایسی ساری باتوں کا شعر ہی خلاصہ تھا

سعدیہؔ کی حیرانی آج تک نہیں جاتی

کون تھا تماشائی کس کا وہ تماشہ تھا

تو کیا دانش وری (نظم)

تو کیا دانش وری

سورج مکھی کا پھول ہوتی ہے

کہ جو بھی زیب منبر ہو

سریر آرائے مسند ہو

افق پر جو ابھر آئے

اسی کی سمت ہم دیکھیں

سر تسلیم خم کر کے

مصاحب شہہ کے بن جائیں

سیاست کے افق کا جب

کوئی منظر بدل جائے

قیادت بھی نئی آئے

تو اس کے بعد یہ سوچیں

گذشتہ دور کیسا تھا

عوامی تھا کہ فسطائی

نراجی تھا کہ جمہوری

ہمارا حکمراں کیا تھا

ہمارا طور کیسا تھا

مزید غزلیں از سعدیہ روشن صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں