پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صادق اندوری کی غزلیں — Sadique Indori Ghazals

صادق اندوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مہک رہا ہے بدن سارا کیسی خوشبو ہے (غزل)

مہک رہا ہے بدن سارا کیسی خوشبو ہے

یہ تیرے لمس کی تاثیر ہے کہ جادو ہے

تمہارا نرم و سبک ہاتھ چھو گیا تھا کبھی

یہ کیسی آگ ہے سوزاں ہر ایک پہلو ہے

ہے کس قدر متوازن نگاہ و دل کا ملاپ

کہ جیسے دونوں طرف ایک ساں ترازو ہے

رواں دواں ہے جدائی کا کرب یہ کیسا

وہ مطمئن نہ مجھے اپنے دل پہ قابو ہے

زمانہ کہتا ہے جس کو حسین تاج محل

وفا کی آنکھ سے ٹپکا ہوا اک آنسو ہے

بہت حسین ہے ماحول زندگی صادقؔ

نظر کے سامنے جب سے وہ آئینہ رو ہے

یہ کیا ہوا کہ ہر اک رسم و راہ توڑ گئے (غزل)

یہ کیا ہوا کہ ہر اک رسم و راہ توڑ گئے

جو میرے ساتھ چلے تھے وہ ساتھ چھوڑ گئے

وہ آئنہ جنہیں ہم سب عزیز رکھتے تھے

وہ پھینکے وقت نے پتھر کہ توڑ پھوڑ گئے

ہمارے بھیگے ہوئے دامنوں کی شان تو دیکھ

فلک سے آئے ملک اور گنہ نچوڑ گئے

بپھرتی موجوں کو کشتی نے روند ڈالا ہے

خوشا وہ عزم کہ طوفاں کا زور توڑ گئے

رہے گی گونج ہماری تو ایک مدت تک

ہمارے شعر کچھ ایسے نقوش چھوڑ گئے

ان آئے دن کے حوادث کو کیا کہوں صادقؔ

مری طرف ہی ہواؤں کا رخ یہ موڑ گئے

مزید غزلیں از صادق اندوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں