پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صدف لکھنوی کی غزلیں — Sadaf Lucknowi Ghazals

صدف لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مخاطب چشم ساقی ہو تو پھر آرام ملتا ہے (غزل)

مخاطب چشم ساقی ہو تو پھر آرام ملتا ہے

نگاہیں منتظر ہیں دیکھیے کب جام ملتا ہے

خودی کو چھوڑ دیتا ہے مٹاتا ہے جو ہستی کو

اسی کو چین اطمینان اور آرام ملتا ہے

محبت میں بہت آسان ہے بدنام ہو جانا

بڑی مشکل سے دنیا میں کسی کو نام ملتا ہے

چھلک جاتے ہیں پیمانے پتہ چلتا نہیں دل کا

نظر سے جب نظر اور جام سے جب جام ملتا ہے

ازل ہی میں فرشتوں نے کیا تھا سجدہ آدم کو

افق پر یوں زمیں سے آسماں کا بام ملتا ہے

ثمر الفت کا کلفت ہے حقیقی ہو مجازی ہو

دل ناداں محبت میں کہیں آرام ملتا ہے

گلہ کیسا شکایت کیوں نہ کر شکوہ زمانے سے

صدفؔ تجھ کو ترے اعمال کا انجام ملتا ہے

یہ عقیدہ ہے مرا غیب سے ساماں ہوگا (غزل)

یہ عقیدہ ہے مرا غیب سے ساماں ہوگا

درد کی ٹھیس لگی درد ہی درماں ہوگا

آسماں بدلے زمیں بدلے زمانہ بدلے

عشق آسان نہ تھا اور نہ آساں ہوگا

روشنی تیری جھلکتی ہی رہے گی اے دوست

کبھی آنکھوں میں کبھی دل میں چراغاں ہوگا

دیکھ تو لوں میں تصور میں تجھے بھی لیکن

اور حیران یہ آئینۂ حیراں ہوگا

آنسوؤں سے نہ سہی دل کی تجلی سے سہی

تیرا جلوہ تو بہر طور نمایاں ہوگا

ہم سے پوچھو تو بتائیں کہ حقیقت کیا ہے

خاک تھا خاک ہے اور خاک ہی انساں ہوگا

سیکھ لو زلف پریشاں کی پریشانی سے

جو پریشان کرے گا وہ پریشاں ہوگا

بات دل میں ہی رہی دل کی نہ ہونے پائی

ہم نے سوچا تھا کہ ہر گھر میں چراغاں ہوگا

دل میں جو کچھ ہے صدفؔ ٹپکے گا آنسو بن کر

راز کی بات نہ کر راز نمایاں ہوگا

مزید غزلیں از صدف لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں