صابر وسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خزاں سے سینہ بھرا ہو لیکن تم اپنا چہرہ گلاب رکھنا (غزل)
خزاں سے سینہ بھرا ہو لیکن تم اپنا چہرہ گلاب رکھنا
تمام تعبیر اس کو دینا اور اپنے حصے میں خواب رکھنا
ہر اک زمیں سے ہر آسماں سے ہر اک زماں سے گزرتے رہنا
کہیں پہ تارے بکھیر دینا کہیں کوئی ماہتاب رکھنا
جو بے گھری کے دکھوں سے تم بھی اداس ہو جاؤ ہار جاؤ
تو آنسوؤں سے مکاں بنانا اور اس کے اوپر سحاب رکھنا
جو ان کہے ہیں جو ان سنے ہیں وہ سارے منظر بھی دیکھ لو گے
بس اپنی آنکھوں کی چپ میں روشن محبتوں کے عذاب رکھنا
مہیب راتوں کے جنگلوں میں ابد کے جیسا سکوت ہو جب
لہو کا اپنے دیا جلانا اور اپنا چہرہ کتاب رکھنا
تم اپنے اندر کی ہجرتوں سے نڈھال ہو کر جو لوٹنا تو
نہ خود سے کوئی سوال کرنا نہ پاس اپنے جواب رکھنا
یہ زندگی تو سفر ہے صابرؔ سفر میں جب بھی کسی سے ملنا
تمام صدمے بھلاتے رہنا محال ہوگا حساب رکھنا
دیکھو ایسا عجب مسافر پھر کب لوٹ کے آتا ہے (غزل)
دیکھو ایسا عجب مسافر پھر کب لوٹ کے آتا ہے
دریا اس کو رستہ دے کر آج تلک پچھتاتا ہے
جنگل جنگل گھومنے والا اپنے دھیان کی دستک سے
کوسوں دور اک گھر میں کسی کو ساری رات جگاتا ہے
جانے کس کی آس لگی ہے جانے کس کو آنا ہے
کوئی ریل کی سیٹی سن کر سوتے سے اٹھ جاتا ہے
میری گلی کے سامنے والے گھر کی اندھیری کھڑکی میں
اس لڑکی سے باتیں کر کے کوئی مجھے دہراتا ہے
کیسا جھوٹا سہارا ہے یہ دکھ سے آنکھ چرانے کا
کوئی کسی کا حال سنا کر اپنا آپ چھپاتا ہے
کچی منڈیروں والے گھر میں شام کے ڈھلتے ہی ہر روز
اپنے دوپٹے کے پلو سے کوئی چراغ جلاتا ہے